چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد کو صاف ستھرا رکھنے ،عید کی تعطیلات عوام کو بلا تعطل پانی کی سپلائی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے ایم سی آئی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دیں ، سینی ٹیشن عملے کی خصوصی ٹیمیں تمام مساجد اور ان کے گرد و نواح کی صفائی کو یقینی بنائیں، شیخ انصر عزیز کی ہدایت

ہفتہ 24 جون 2017 21:26

چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد کو صاف ستھرا رکھنے ،عید کی تعطیلات عوام ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2017ء) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے عید الفطر کے موقع پر اسلام آباد کو صاف ستھرا رکھنے اور شہریوں کو تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی ای) کے متعلقہ شعبوں کے افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں تاکہ عید الفطر کے موقع پر اسلام آباد کو صاف ستھرا رکھنے کے ساتھ ساتھ عید کی تعطیلات کے دوران شہریوں کو بلا تعطل پانی کی سپلائی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا سکے،عید الفطر کے موقع پر پورے اسلام آباد میں عملے کو تعینات کیا گیا ہے اور عید الفطر سے پہلے اور عید کے چھٹیوں کے دوران اسلام آباد کے مختلف کاروباری مراکز اور مارکیٹوں میں خریداروں کے رش کے پیش نظر خصوصی انتظامات کے تحت سینی ٹیشن کا عملہ مارکیٹوں میں رات کے اوقات میں بھی اپنی ڈیوٹی ادا کرے گا تاکہ مارکیٹیں اور کاروباری مراکز کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

بروز جمعہ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز یہ ہدایت کی کہ عید الفطر کے اجتماعات اور نماز عید کی ادائیگی کیلئے سینی ٹیشن کی خصوصی ٹیمیں تمام مساجد اور ان کے گرد و نواح کی صفائی کو یقینی بنائیں ۔اسی طرح پانی کی وافر فراہمی کو یقینی بنانے کے خصوصی انتظامات کے تحت پانی کی ترسیل میں بھی اضافہ کیا گیا ہے تاکہ عید کے دنوں میں شہریوں کو پانی کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کی واٹر سپلائی ونگ کو ہدایت کی ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران واٹر ٹینکرز سروس سے پانی کی فراہمی کے لیے دن رات تین شفٹوں میں کام کیا جائے ۔انہوں نے ایمر جنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے تعطیلات کے دوران الرٹ رہیں اور عملے سمیت فائر ٹینڈرز اور دیگر آلات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

عید الفطر کی چٹھیوں کے دوران صفائی کے خصوصی انتظامات کے حوالہ سے میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ سینی ٹیشن کی ہیلپ لائن 1334یا ٹیلی فون نمبر9213908پر دن رات سینی ٹیشن سٹاف موجود رہے گا جو شہریوں سے صفائی سے متعلق شکایات موصول ہونے کی صورت میں فوری ازالہ کرے گا۔

متعلقہ عنوان :