دہشت گردی کیخلاف قربانیوں پر چین کا پاکستان کے کردار کی تعریف قابل ستائش ہے ، اب وقت آچکا ہے پاکستان وافغانستان میں بد گمانیوں کے خاتمے کیلئے چائنا ثالث کا کردار ادا کرتے ہوئے خطہ میں امن وآشتی کیلئے راہ ہموار کرئے

چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب احمد خان شیرپائو کا بیان

ہفتہ 24 جون 2017 20:58

دہشت گردی کیخلاف قربانیوں پر چین کا پاکستان کے کردار کی تعریف قابل ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2017ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے دہشت گردی کے خلاف قربانیوں پر چین کا پاکستان کے کردار کی تعریف قابل ستائش ہے اور اب وقت آچکا ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں بد گمانیوں کے خاتمے اور برادرانہ تعلقات کے قیام کیلئے چائنا ثالث کا کردار ادا کرتے ہوئے خطہ میں امن وآشتی کیلئے راہ ہموار کرے۔

یہاں بروز ہفتہ آفتاب شیرپائو نے کہاکہ آستانہ میں چین کی کوششوں سے پاک افغان سربراہوں کی ملاقات نیک شگون ہے اور اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے تمام مسائل مزاکرات کی میز پر حل کئے جائیں،پاک افغان تنائو میں کمی کیلئے چین کی ثالثی کا کردار وقت کا تقاضا ہے اور آستانہ جیسے فورم سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ بات چیت کے ذریعے خطے میں جاری کشیدگی کو کم کیا جا سکے جوکہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری لانے کیلئے انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ جب تک پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات بہتر نہیں ہوں گے تب تک خطے میں امن و خوشحال محض خواب ہے کیونکہ دہشت گردی کی وجہ سے نہ صرف دونوں ممالک شدید متاثر ہوچکے ہیں بلکہ خطے میں آباد پختونوں کی جان و مال کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔آفتاب شیرپائو نے خطہ میں پائیدار امن کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام ہمسایہ ممالک کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے کہ خطہ میں امن کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔