پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر رینجرز تعینات کئے جائیں، خرم شیرزمان

پیپلز پارٹی حکومتی مشینری استعمال کر کے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہی ہے، الیکشن کمیشن نوٹس لے،بیان

ہفتہ 24 جون 2017 20:58

پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر رینجرز تعینات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہیکہ کراچی سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر رینجرز کے جوانوں کو تعینات کیا جائے تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں۔

اپنے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پی ایس 114میں حکومتی مشینری استعمال کر کے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہی ہے جس کے لئے محکمہ تعلیم اور پولیس سندھ حکومت کی طرف احکامات دئیے جارہے ہیں کہ وہ انتخابی مہم میں حصہ لیں اور پی پی امیدوار کو ووٹ ڈلوائیں۔خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پی ایس 114 میں بے ضابطگیوں سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر چکی ہے لیکن تاحال الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ میں 9 سال سے برسراقتدار جماعت صوبے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کراسکی اور اس دور حکومت میں تمام ترقیاتی فنڈزپر بدترین کرپشن کی گئی اور عین انتخابات کے قریب سندھ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر غیرمعیاری سڑکیں بنوارہی ہے جو بارش کے ایک بوند میں بہیں جائے گی۔ پی پی حکومت اپنے اس عمل سے صرف اور صرف عوام کو دھوکہ دے رہی ہے لیکن عوام ان کرپٹ حکمرانوں کو مسترد کردینگے ۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری مشینری کے ذریعے پی پی امیدوار کا انتخاب جیتنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا کیونکہ لوگ اچھی طرح واقف ہیں کہ گینگ وار اور منشیات فروشوں کو حلقے میں کس نے مسلط کیا ہے اور ان جرائم پیشہ عناصر سے اپنے سیاسی مخالفین کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔خرم شیرزمان نے مزید کہا کہ سندھ رینجرز ان جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی کر کے پی ایس 114 میں نو گو ایریا ختم کرائیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایس114کے ضمنی انتخاب پر پوری قوم کی نظریں لگی ہوئی ہیں اس لئے یہاں انتخابی عمل شفاف ہونا چاہئے۔