حکومت پنجاب میں عوام الناس کا معیار زندگی بہتر بنانے کا عزم رکھا ہے، منشاء اللہ بٹ

ہفتہ 24 جون 2017 20:41

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2017ء) صوبائی وزیر بلدیات اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ سیالکوٹ محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب میں عوام الناس کا معیار زندگی بہتر بنانے کا عزم رکھا ہے اور مقصد کے حصو ل کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے شہر بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا گیا ہے ان منصوبوں کی تکمیل سے شہرمیں آمدروفت اور سیوریج کے مسائل بتدریج کم ہونگے ‘ وزیر آباد روڈ کے اطراف میں نالوں کی تعمیر سے نول موڑ، سبلائم چوک، کشمیر روڈ اور ڈیفنس روڈپر سیوریج کے مسائل حل ہونگے جبکہ سبلائم چوک میں فلائی اوور کی تعمیر سے ٹریفک کے گھمبیر مسئلہ بھی حل ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد عامر جان کے ہمراہ موضع ہرڑ وزیر آباد روڈ کے دورہ کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اراکین صوبائی اسمبلی چودھری اکرام، چودھری ارشد وڑائچ، رانا عبدالستار خاں، چودھری طارق سبحانی ، چیئرپرسن ضلع کونسل حناء ارشد وڑائچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ، اے سی سیالکوٹ شاہد عباس، ایکسئین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ جاوید پروا ز ، سی او ایم سی ایس محمد ظفر قریشی اور محکمہ ہائی وے کے مقامی حکام بھی موجود تھے ۔

صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وزیر آباد روڈ کے اطراف میں زیر تعمیر نالوں کی تعمیر کے منصوبے پر کام کی رفتار میں اضافہ کیا ۔ انہوں نے محکمہ ہائی وے کے مقامی حکام کو تلقین کی وہ سڑک پر پڑے کھڈوں کو فوری طور پر بند کرکے سڑک کو آمدروفت کے قابل بنائیں ۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر عامر جان نے سی او ایم سی ایس سیالکوٹ ظفر قریشی کو ہدایت کی وہ ہرڑ کے مقام سے بارشی پانی کے نکاس کیلئے اقدامات کریں اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ ان سے ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے ۔

انہوں نے کہاکہ عوام الناس کے مسائل کو حل کرنا تمام سرکاری اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے وزیر آباد روڈ کی حالت زار پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو راست اقدام کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ عوام الناس کو درپیش مسائل کے حل میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کے زچہ بچہ وارڈ کو بھی دورہ کیا اور ہسپتال نرسر ی فیڈ وارڈ میں بچیوں کی تبدیلی کے واقعہ کے بارے میں ایم ایس گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر خالد فیض سے باز پرس کی اور ہسپتال کی انتظامیہ اور عملہ کی غفلت اور کوتاہی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس قسم کی مجرمانہ غفلت ناقابل برداشت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی میں لاپروائی اور تساہل کا مظاہرہ کرنے والے میڈیکل افسران اور سٹاف کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کوقانون کے مطابق ان کا محاسبہ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر نرسی فیڈاور سرجیکل وارڈ کا بھی دورہ کیا اور ایم ایس کو ہسپتال کے فرش فوری طور پر مرمت کروانے کی بھی ہدایت جاری کی ۔

قبل ازیں صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی سیالکوٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تعمیراتی اداروں کے مقامی سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت معیاد کے اندر پایہء تکمیل تک پہنچائے اور منصوبوں میں معیار کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ عوام الناس ان منصوبوں سے بھرپور استفادہ حاصل کرسکیں ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد عامر جان نے ضلع سیالکوٹ میں جاری ترقیاتی کاموں پر کام کی پیش رفت کے بارے میں اراکین اسمبلی کو آگاہ کیا ۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی چودھری محمد اکرام، چودھری طارق سبحانی، چودھری ارشد وڑائچ، رانا عبدالستار خان، محمد آصف باجوہ، رانا محمد افضل، محسن اشرف اورذوالفقار غوری نے بھی شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :