وفاق، بجلی ، گیس اور تیل کا انتظام و انصرام صوبے کے حوالے کرے،پرویز خٹک

ہم اپنے وسائل کرپٹ حکمران ٹولے کے ہاتھ میں رکھنے کا رسک مزید نہیں لے سکتے امیر مقام پرائی شادی میں عبد الله دیوانہ کا کردار ادا کررہے ہیں، فساد کی جڑ کرپشن ہے سیاست میں مکر وفریب نہیں چلنے والا،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

ہفتہ 24 جون 2017 20:36

وفاق، بجلی ، گیس اور تیل کا انتظام و انصرام صوبے کے حوالے کرے،پرویز ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے وفاق کو صوبے کے حقوق دینے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ وفاق، بجلی ، گیس اور تیل کا انتظام و انصرام صوبے کے حوالے کرے۔ہم اپنے وسائل کرپٹ حکمران ٹولے کے ہاتھ میں رکھنے کا رسک مزید نہیں لے سکتے ۔کرپٹ حکمرانوں کی چوری پکڑی گئی ہے نواز شریف ٹولے کا جانا ٹھہر چکا ہے ۔

پختون قوم چور نہیں ۔ امیر مقام پرائی شادی میں عبد الله دیوانہ کا کردار ادا کررہے ہیں۔ ملک میں فساد کی جڑ کرپشن ہے سیاست میں مکر وفریب نہیں چلنے والا ۔ حکمران عوام کو ہوائی قلعوں کے خواب نہ دکھائیں۔ اگر ہم ادارے ٹھیک کرکے بہترین نظام دے سکتے ہیں تو واپڈا کو بھی ٹھیک سمت میں ڈال سکتے ہیں ۔ صوبائی حکومت نوجوانوں کے جنون اور جوش و ولولے سے اقتدار میں آئی جنہوں نے اپنے بزرگوں کو تبدیلی کے لئے راغب کیا ۔

(جاری ہے)

وہ تارو جبہ میں ضلعی کونسلر حیدر خان کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب اور بعدازاں واپڈا ٹائون شپ تارو جبہ میں بین الااضلاعی کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے موقع پر بڑے جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خٹک ، پارلیمانی سیکرٹری برائے ترقی و منصوبہ بندی خلیق الرحمن اور تحصیل ناظم اشفاق نے بھی شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاق صوبے کو اپنے حقوق دے ۔

بجلی، گیس اور تیل صوبے کے ہیں ۔ صوبے کے حوالے کرے ہم کرپٹ ٹولے کے ہاتھ میں اپنے وسائل نہیں دے سکتے اور نہ ہم صوبے کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے دیں گے ۔ اگر وفاق صوبے کو حق نہیں دے گاتو ہم جھگڑا ڈالیں گے صوبے کے حقو ق لیکر رہیں گے ۔پرویز خٹک نے کہا کہ واپڈا، گیس اورنادرا کے محکمے وفا ق کے پاس ہیں مگر لوڈشیڈنگ کاخمیازہ ہم بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امیر مقام صوبے میں بلند و بانگ دعوی کررہے ہیں۔ وہ لو ڈشیڈنگ ،نادرا، گیس اور پاسپورٹ کا کوئی مسئلہ حل نہیں کراسکے اور نہ کرپشن ختم کرسکے او رنہ لوڈشیڈنگ میں کمی آئی۔وزیراعلیٰ نے تعجب کا اظہار کیا کہ امیر مقام عوام کی بجائے نواز شریف کمپنی کا ایجنٹ بن کر بے سرو پا پروپیگنڈے کرتے نظر آتے ہیں۔ مجال ہے کہ صوبے کے حقوق کیلئے اور پختون قوم پر لگائے گئے چور ی کے الزام کے خلاف آواز اُٹھائے ۔

امیر مقام کو ہمارے عوام دوست فلاحی ایجنڈے میں کیڑے نکالنے سے فرصت نہیں۔ پختون چور نہیں ۔ واپڈا چوروں سے بھرا ہو اہے اور ان کی پشت پناہی کیلئے حکمران ٹولہ موجود ہے ۔ ہم عوام کے ساتھ ہیں میں نے عوام کے ساتھ ملکر لوڈ شیڈنگ کے خلاف خود احتجاج کیا۔وزیراعلیٰ نے حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت پورے صوبے میں ہر سطح پر ترقیاتی کام ہو رہے ہیں ۔

سب کو میرٹ پر وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ضلع بھر میں 14 کالجوں پر کام جاری ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اُن کی حکومت نے نوشہرہ سمیت وادی پشاور کو سیلاب سے بچانے کا منصوبہ شروع کیا جو کہ تکمیل کے اخری مراحل میںہیں نوشہر ہ چارسدہ اور پشاور کو محفوظ بنا دیا گیا ہے ۔نوشہرہ میں ٹیکنکل یونیورسٹی ، میڈیکل کالج اور اعلیٰ معیار کے ہسپتال کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔

انہوںنے انکشاف کیا کہ ایک بہترین جیمنازیم کی تعمیر بھی جاری ہے جو نوجوانوں کیلئے کھول دیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے ادارے ٹھیک کئے ادارے خود مختار بنانے کیلئے قانون سازی کی ان کو با اثر لوگوں کے اثر و نفوذ سے آزاد کیا۔ اگر ہم اداروں کو ٹھیک کرکے عوام کو ریلیف دینے والا نظام دے سکتے ہیں تو بجلی کے نظام کو بھی ٹھیک کر سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبہ اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی، گیس اور تیل پیدا کرتا ہے صوبے کے حق پر نواز شریف قابض ہو کر اپنے کارندوں سے پختونوں کی بجلی چوری کی گردان الاپ رہے ہیں۔ بجلی کا انتظام و انصرام ہمارے حوالے کریں ہم بجلی نصف قیمت پر اور بلا تعطل فراہم کرکے دکھا ئیں گے ۔ ہمار اجھگڑا چوروں اور لٹیروں کے خلاف ہے اس ملک میں چوروں کا علیحدہ گروپ بن چکا ہے ہم ان کو عوام کی حمایت سے اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ کرپٹ حکمرانوں کی چوری پکڑی گئی اور انکی چوری ثابت ہو چکی ہے ۔ بے شرمی کی انتہا دیکھیں کہ ڈاکو حکمران اپنی پکڑی جانے والی چوری کے ثبوت دوسروں سے مانگتے پھرتے ہیں۔ حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں زبان زدعام ہیں۔ ڈاکوئوں کی چوری اربوں میں نہیں کھربوں میں ہے ان کے ڈاکے اور لوٹ مار نے پاکستان کے غریب عوام کو پسماندگی کی دلدل میں د ھکیل دیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جس ملک کے حکمران قد م قدم پر اعلانات کرتے ہوں اور پھر اُن کو بھول جاتے ہوں اُن سے خیر کی اُمید نہیں ۔ انہوںنے اپنے قول و فعل سے یہی کچھ ثابت کیا ہے ۔ شہباز شریف کا لوڈ شیڈنگ کا وعدہ تھا پورا نہ کرنے پر اپنا نام تبدیل کرنے کا کہا تھا ۔ عوام کو کہتے ہیں مناسب نام تجویز کریں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاق کو صوبے کیلئے بجلی کا نظام ٹھیک کرکے دینا ہو گا۔

مزید گرڈ سٹیشن بنانے ہوں گے ورنہ موجودہ سسٹم زیادہ بجلی کا بو جھ اُٹھانے کے قابل نہیں ۔عوام کے ساتھ ہونے والا کوئی وعدہ پورا نہیں ہو گااور لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلسل رہے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں فساد کی اصل جڑ کرپشن اور اقتدار پرست ٹولہ ہے ۔ یہ کاروباری لوگ ہیں ہر قانون بھی کرپشن کو تحفظ دینے کیلئے بناتے ہیں۔ ہم ظلم و ناانصافی کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ عوام کرپشن کے خلاف صف بندی کر چکی ہے ۔ کرپٹ ٹولے کو اپنا زوال نظر آرہا ہے ۔ وفاق عوام کو ہوائی قلعوں کا خواب دکھا نا چھوڑ دے ۔ عوام کو حقیقت بات بتانے کی جرات پیدا کریں اور سیاست میں مکر و فریب اور جھوٹے وعدے کرنے کی روش چھوڑ دیں ۔