مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھا ہے‘شہبازشریف

ذاتی ایجنڈے کی خاطر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنیوالے سیاستدان ملک و قوم سے دشمنی کر رہے ہیں وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کے سفر کو آگے بڑھائینگے، ایم این اے غلام بی بی بھروانہ سے گفتگو

ہفتہ 24 جون 2017 20:36

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھا ہے‘شہبازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھا ہے اور رکاوٹوں کے باوجودملک کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو معیار اوررفتار کے ساتھ آگے بڑھایا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام ترقی و خوشحالی کیلئے ضروری ہے لیکن بعض سیاستدان ذاتی ایجنڈے کی خاطر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں اور ذاتی مفادات کیلئے انتشار کی سیاست کرنے والے ملک و قوم سے دشمنی کررہے ہیں، موجودہ حالات میں ملک کسی بھی صورت محاذآرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں اور فلاح عامہ کے منصوبوں میں رفتار اور معیار کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام اب ترقی و خوشحالی کے سفر میں کسی کو رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایم این اے غلام بی بی بھروانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔