پاکستان کے اندر دہشتگردی کے بڑھتے واقعات کے پیچھے بیرونی ہاتھ کار فرما ہے ،فاروق حیدر

ہندوستان نہیں چاہتا پاکستان سیاسی ، معاشی اور اقتصادی طور پر مستحکم ہو ،اس لئے کلبھوشن جیسے ایجنٹس بھیج کر یہاں تخریب کاری کرواتا ہے پاکستان میں جب کوئی حادثہ ،دھماکہ ،المناک واقعہ یا سیاسی بحران رونما ہوتا ہے کشمیری نفسیاتی طورپر دبائو کا شکار ہوتے ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر

ہفتہ 24 جون 2017 20:07

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیچھے بیرونی ہاتھ کار فرما ہے ، ہندوستان نہیں چاہتا کہ پاکستان سیاسی ، معاشی اور اقتصادی طور پر مستحکم ہو ،اس لیے وہ کلبھوشن یادیو جیسے ایجنٹس بھیج کر یہاں تخریب کاری کرواتا ہے ،پاکستان کے اندر جب بھی کوئی حادثہ ،دھماکہ ،المناک واقعہ یا سیاسی بحران رونما ہوتا ہے کشمیری نفسیاتی طورپر دبائو کا شکار ہوتے ہیں ۔

پاکستان کی سرزمین کشمیریوں کیلئے مقدس سرزمین کا درجہ رکھتی ہے جس سے جڑنے کیلئے وہ نسل درنسل قربانیاں دے رہے ہیں،پاکستان کے اندر دہشتگردی کے حالیہ واقعات سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی ذاتی رہائشگاہ پر ملنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں کے اندر پاکستان نے معاشی و اقتصادی میدان میں قابل ذکر ترقی کی ، اس کی معیشت کا شما ر دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشتوں میں ہوتا ہے ، GDPکی بلند ترین شرح ہو یا ریکارڈ توڑتی کراچی اسٹاک ایکسچینج پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا ہر میدان میں منوایا ہے ۔

کچھ عناصر اس کو سیاسی طور پر عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے مختلف حیلے ،بہانوں سے جان بوجھ کر یا نادانستگی میں ایسے اقدامات کررہے ہیں جس سے ملک ابتری کی طرف جا سکتا ہے ۔ دوسری جانب دہشتگرد ہیں جن کی یہ کوشش ہے کہ پاکستان کی اس بر رفتار ترقی میں رخنہ ڈالا جائے اور ملک کے اندر عدم استحکام پید ا کیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں قائم حکومت نے چار سالوں میں اداروں کو مضبوط بنایا ، کرپشن اور رشوت ستانی میں نمایاں کمی، قانون کی حکمرانی ، آئین کی بالادستی کے حوالے سے اہم پیش رفت کے باعث بین الاقوامی برادری کا اعتماد بڑھا اور آ ج پاکستان نا صرف جنوبی ایشیاء بلکہ دنیا بھر سے اقتصادی راہدری کے ذریعے منسلک ہو رہا ہے ۔

ون بیلٹ ون روڈ جیسے منصوبے تاریخ ساز ہیں ،را اور ملک دشمن قوتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان میں امن آئے اور یہ ترقی کرے ۔انہوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر قابض فوج نے نہتے عوام پر ظلم کی انتہاء کر رکھی ہے ، مقبوضہ کشمیر کے عوام دیوانہ وار بھارتی درندگی کا مقابلہ کررہے ہیں اور پاکستان ہی ان کی امیدوں کا مرکز ہے۔