بدین،طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود شہر کے مرکز سے گزنے والے نالے کی صفائی کا کام مکمل نہیں کیا جاسکا

ہفتہ 24 جون 2017 20:07

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء)ضلع بدین میں 28 جون سے طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود شہر کے مرکز سے گزنے والے نالے کی صفائی کا کام مکمل نہیں کیا جاسکا، محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک بھر کے دیگر علاقوں کی طرح سندھ کی ساحلی علاقوں میں 28 جون سے تیز طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کے بعد ڈی سی بدین شوکت حسین جوکھیو نے ضلع بھر میں ایمرجنسی نافذ کرکے سرکاری ملازمین کی عید کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی ہیں اس کے باوجود شہر کے مرکز سے گزرنے والے نالے کی صفائی کا کام مکمل نہیں کیا جاسکا ہے جس کے بعد شہریوں میں خوف کی فضا چھا گئی ہے، گزشتہ کئی برسوں کے دوران ہونے والی بارشوں میں برساتی نالے کی صفائی نا ہونے کے باعث شہر بھرکی گلیاں تالابوں میں تبدیل ہوجاتی ہیں اور کئی روز ان گلیوں میں پانی موجود رہتا ہے اور گلیوں میں پانی رہنے کے باعث مختلف بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں،شہریوں نے محکمہ بلدیات ، ضلعی حکومت اور ٹی ایم اے سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد سے جلد نالے کی صفائی کا کام مکمل کرکے آنے والی بارشوں میں ہونیوالے نقصانات سے شہریوں کو بچایا جائے۔