نیا ناظم آباد کراچی کنگز رمضان کپ 2017 فائنل

سوئی ناردرن گیس پائپ لائن نے ڈالر ایسٹ کی ٹیم کو بھاری مارجن سے شکست دے کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کرلیا

ہفتہ 24 جون 2017 19:35

نیا ناظم آباد کراچی کنگز رمضان کپ 2017 فائنل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2017ء) نیا ناظم آباد کراچی کنگز رمضان کپ 2017 کے فائنل میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائن نے ڈالر ایسٹ کی ٹیم کو بھاری مارجن سے شکست دے کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر مہمان خصوصی تھے جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ، چیمپیئنز ٹرافی فائنل کے سنچری میکر فخر زمان ، عماد وسیم اور رومان رئیس اس موقع پر موجود تھے۔

گورنر سندھ نے کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر نیا ناظم آبادکے سرپرست اعلیٰ عارف حبیب اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ پاکستانی عوام کا جنون ہے۔ہر پاکستانی اپنی ٹیم کی کامیابی پر بے حد مسرت محسوس کرتا ہے اور شکست پر افسردہ ہو جاتا ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں پہلے میچ میں ناکامی کے باوجود پاکستان نے جنوبی افریقہ ، سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیموں کو شکست دی جبکہ روایتی حریف بھارت کو فائنل میں کھیل کے ہر شعبہ میں آئوٹ کلاس کرکے شاندار کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

قومی کرکٹ ٹیم نے قوم کو عید کا پیشگی تحفہ دیا جس کے لئے پاکستانی عوام پوری ٹیم کے مشکور ہیں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یہ ایک ایسی جیت ہے جس کا ذائقہ پاکستانی عوام کئی سال تک نہیں بھول پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے ہر شعبہ میں بہترین کاکردگی دکھائی بولرز، بیٹسمین اور فیلڈرز نے اہم موقع پر نہایت شاندارکھیل پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ میں سرفراز احمد نے شاندار کپتانی کی اور درست وقت پر درست فیصلہ کئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں اس ٹورنا منٹ کا مسلسل پانچویں سال انعقاد اور اس میں شائقین کی دلچسپی ، منتظمین کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ گورنر سندھ نے فاتح کپتان محمد رضوان کو ٹرافی اور دس لاکھ روپے نقد انعام جبکہ رنرز اپ ٹیم کے کپتان محمد سمیع کو 5 لاکھ روپے کا انعام دیا۔

محمد رضوان کو ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر ، انور علی کو بہترین بولر، سیف اللہ بنگش کو بہترین بیٹسمین ، افتخار احمد کو مین آف دی ٹورنامنٹ ، آغا اسٹیٹ کوئٹہ کو بہترین ڈسپلینڈ ٹیم جبکہ محمد آصف کو فائنل کے مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس موقع پر عارف حبیب نے اپنے خطاب میں فائنل میں آمد اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب سے کپتان سرفراز احمد ، فخرزمان ، عماد وسیم اور رومان رئیس نے بھی خطاب کیا۔