جے آئی ٹی کی رپورٹ پاکستان اور بھارت کا میچ بنتا جا رہا ہے،حکومت کے رکاوٹ بننے اور دھمکیاں دینے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا،جمہوری حکومت بغیر کسی رکاوٹ تسلسل سے چلے،دھرنے کا مقصد دھاندلی کو اجاگر کرنا تھا،وقت کی کمی کی وجہ سے انٹراپارٹی الیکشن عجلت میں کروائے، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری سے بلوچستان میں بھارتی مداخلت ثابت ہوگئی،جنوبی پنجاب صوبہ پی ٹی آئی کے منشور میں شامل کرائیں گے

تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

ہفتہ 24 جون 2017 18:17

جے آئی ٹی کی رپورٹ پاکستان اور بھارت کا میچ بنتا جا رہا ہے،حکومت کے ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2017ء) تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین وسابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ انڈیا پاکستان کا میچ بنتا جا رہا ہے۔ دس جولائی کو پوری قوم جے آئی ٹی کی رپورٹ جاننے کیلئے ٹی وی کے ساتھ بیٹھی ہو گی۔حکومت کی جانب سے رکاوٹ بننے اور دھمکیاں دینے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔

جمہوری حکومت کو بغیر کسی رکاوٹ کے تسلسل سے چلنا چاہیے۔دھرنے کا مقصد دھاندلی کو اجاگر کرنا تھا۔ الیکشن رولز بارے جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔وقت کی کمی کی وجہ سے انٹراپارٹی الیکشن عجلت میں کروائے۔ ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے اپنے انٹرویو دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کے پاس ثبوت نہیں اور قطری شہزادہ پیش ہونے کو تیار نہیں تو جے آئی ٹی کا کیا قصور ہے۔

(جاری ہے)

عوام جانتی ہے کہ کس نے حکومتی خزانے خالی کر کے اپنی تجوریاں بھری۔گو نواز گو قومی نعرہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان میں نئی سوچ کی ترجمانی کر رہی ہے، سیاسی فیصلے انفرادیت کی بجائے اکثریت پر مبنی ہوتے ہیں۔وقت کی کمی کی وجہ سے انٹرا پارٹی الیکشن عجلت میں کروائے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کی بنا پر مجھے جمشید دستی سے ملنے سے روک دیا گیا۔

،سپیکرنے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیا لیکن پنجاب حکومت نے اسکا احترام نہیں کیا۔میاں برادران مشرف دور بھول گئے غلطیوں کو دھرانا نہیں ،ان سے سبق سیکھنا چاہئے۔ مختلف کیسز میں ضمانت پر جمشید دستی کو مبارکباد دیتا ہوں۔بھارتی جاسوس کلبھوشن سے متعلق سوال کے جواب میں سابق وزیرخارجہ و تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری سے بلوچستان میں بھارتی مداخلت ثابت ہوگئی ہے۔

کلبھوشن آج آرمی چیف سے رحم کی اپیل کر رہا ہے۔بھارتی جاسو س سے متعلق عالمی عدالت میں پاکستان نے تیاری کے بغیر کیس لڑا اور سٹے لینے میں کامیاب ہو گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مختلف قوموں کو نمائندگی دینے سے ملک مضبوط ہوگا۔سینٹ سے بل اور پنجاب اسمبلی سے قرارداد منظور ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب صوبہ نہ بنوا سکی۔صوبے کی تحریک کو نقصان پہنچانے کے لئے بہاولپور اور ملتان صوبے کی بات کی گئی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے بات کی ہے جنوبی پنجاب صوبہ پی ٹی آئی کے منشور میں شامل کرائیں گے۔جنوبی پنجاب کی آبادی بڑھ رہی اور سہولیات کا فقدان ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب صوبے کے نام پر ڈرامہ کر رہے ہیں۔