Live Updates

غریبوں ، محتاجوں اور یتیموں کی مدد کرنا عین عبادت ہے اور رمضان المبارک میں اس کا اجر کئی گنا بڑھ جاتا ہے ،میئر کراچی

ہفتہ 24 جون 2017 17:12

غریبوں ، محتاجوں اور یتیموں کی مدد کرنا عین عبادت ہے اور رمضان المبارک ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ غریبوں ، محتاجوں اور یتیموں کی مدد کرنا عین عبادت ہے اور رمضان المبارک میں اس کا اجر کئی گنا بڑھ جاتا ہے جو لوگ سحر و افطار کے لئے ایسے لوگوں کی مدد کرتے ہیں وہ قابل تحسین ہیں خاص طور پر وہ نوجوان جو خدمت خلق کے جذبے سے شہر کے عام مقامات پر افطاری کا انتظام کرتے ہیں یہ بات انہوں نے سماجی تنظیم رزق کے زیر اہتمام ڈی جے کالج کے فٹ پاتھ پر عوامی افطار میں شرکت کے موقع پر کہی، میئر کراچی نے عام لوگوں کے درمیان فٹ پاتھ پر بیٹھ کر افطاری کی اور کھانا کھایا بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ آج جن نوجوانوں نے اس افطاری کا انتظام کیا ہے یہ وہ نوجوان ہیں جو او لیول اور اے لیول کے طالبعلم ہیں اور کراچی کے صف اول کے اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں لیکن ان نوجوانوں میں بلاامتیاز و تفریق و رنگ و نسل انسانوں اور اس شہر کی خدمت کا جذبہ دیکھ کر مجھے بے انتہا خوشی ہورہی ہے اور میں پرامید ہوں اگر اسی جذبے سے یہ لوگ کام کرتے رہے تو ہمیں اپنی آنے والی نسل سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، میئر کراچی نے کہا کہ ہم سب کو سماجی تنظیم رزق کے نوجوانوں کا ساتھ دینا چاہئے کیونکہ یہ لوگ شہر سے اور ملک سے غربت اور بھوک کو ختم کرنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ غربت اور افلاس کے باعث لاکھوں لوگوں کو معیاری اور صحت مند غذا میسر نہیں ہے اور جن میں لاکھوں بچے بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مہنگائی کے اس دور میں سحر اور افطار میں بھی لوگ بھرپور طریقے سے کھانا نہیں کھا پاتے جن لوگوں کو اللہ تعالیٰ نے مال اور دولت عطا کی ہے وہ نیک نیتی اور نیک جذبے کے ساتھ اپنے ہم وطن لوگوں کی مدد کریں تاکہ وہ لوگ بھی رمضان المبارک کے ساتھ ساتھ عیدالفطر بھی مناسکیں ، میئر کراچی نے سماجی تنظیم رزق کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ مخیر حضرات، تاجروں اور صنعتکاروں سے بھی درخواست کریں گے کہ وہ ان کی مدد کریں، اس موقع پر رزق سے وابستہ نوجوانوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اسی جذبے اور نیک نیتی کے ساتھ عام لوگوں کی مدد کرتے رہیں گے ان نوجوانوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہمارا ساتھ دیں اور شہر سے بھوک مٹانے کے لئے بھرپور جذبے کے ساتھ سامنے آئیں۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :