عید کے اجتمات کی سیکورٹی فول پروف بنائی جائے، سہیل انور سیال

کسی بھی کوتاہی یا سستی کی صورت میں سخت کاروائی کی جائے گی،وزیر داخلہ سندھ

ہفتہ 24 جون 2017 17:10

عید کے اجتمات کی سیکورٹی فول پروف بنائی جائے، سہیل انور سیال
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے صوبے بھر میں نماز عید کے اجتمات کو محفوظ اور فول پروف بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔صوبائی وزیر داخلہ سندھ کے ترجمان کے مطابق وزیر داخلہ کی جانب سے عید الفطر کے اجتمات کی سیکورٹی کے حوالے سے صوبے بھر کی عید گاہوں ، مساجد ، امام بارگاہوں ، مزارات مقدسہ اور قبرستانوں پر پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ اسپیشل برانچ کو بھی سوئپنگ اور نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان وزیر داخلہ سندھ نے بتایا کہ تمام صوبے کے رینج اور زونل ڈی آئی جیز کو احکامات دئیے گئے ہیں کہ اپنے متعلقہ علاقوں میں ہونے والے نماز عید الفطر کے اجتمات کی سیکورٹی کے حوالے سے کسی بھی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے اور کسی بھی کوتاہی یا سستی کی صورت میں سخت کاروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ سندھ کی جانب سے جاری حکم نامے میں عید گاہوں کے ساتھ عوامی مقامات، تفریح گاہوں اور پارکوں کی بھی سخت سیکورٹی کا حکم دیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق کراچی ایسٹ ویسٹ اور ساؤتھ زونز کے مختلف اضلاع کے تھانوں کی حدود میں مجموعی طور پر 3664 مساجد،447عیدگاہوں/کھلے مقامات ،230 امام بارگاہوں/جماعت خانوں کی سیکیورٹی کے لیئے 9135 سے زائد پولیس افسران وجوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق مذکورہ مجموعی ڈپلائمنٹ کے علاوہ ریپڈ ریپانس فورس کی چھ پلاٹونز جبکہ ضلعی پولیس ہیڈکوارٹرز کی ریزرو پلاٹونز بطور اضافی نفری سیکیورٹی فرائض دے رہی ہیں۔ترجمان کے مطابق ٹریفک پولیس کو عید کے موقع پر ٹریفک کی بلاتعطل روانی کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :