چین اور امریکہ کے درمیان اعلیٰ سطحی سلامتی مذاکرات میں اتفاق رائے طے پاگیا

مذاکرات کا پہلا دور صدر شی اور ٹرمپ کے درمیان اتفاق رائے پر عمل درآمد کے پہلے اقدام کا مظہر ہے

ہفتہ 24 جون 2017 17:01

چین اور امریکہ کے درمیان اعلیٰ سطحی سلامتی مذاکرات میں اتفاق رائے طے ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2017ء) چین اور امریکہ کے درمیان امریکہ کے دارالخلافہ واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں دوطرفہ اور سلامتی کے امور کی ترقی کے بارے میں اہم اتفاق رائے طے پایا ہے ۔ چین ۔ امریکہ سفارتی وسلامتی مذاکرات کا پہلا دور جسے طرفین نے ’’تعمیری اور ’’بارآور‘‘قراردیا ہے ۔ اپریل میں فلوریڈا میں اپنی ملاقات کے دوران چین کے صدر شی جن پھنگ اور ان کے امریکی ہم منصب دونلڈ ٹرمپ کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر عمل درآمد میں پہلے اقدام کا مظہر ہے ۔

آگے کی جانب دیکھتے ہوئے طرفین نے وعدہ کیا کہ وہ باہمی طور پر سودمند تعاون کو توسیع دیں گے اور اختلافات باہمی احترام کی بنیاد پر حل کریں گے ۔ ایسا طویل المیعاد چین امریکہ تعلقات کی بتدریج ترقی کو فروغ دینے کی کوشش کے طور پر کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز کے مذاکرات کے بعد امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا کہ اس قسم کے مذاکرات اس بارے میں غور کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں کہ ہم کس طرح انگیج ہوسکتے ہیں اور ہم آئندہ بھی چالیس برسوں میں ایک دوسرے کیساتھ کس طرح زندہ رہ سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج کے مذاکرات میں جن ایکشن آئٹم پر اتفاق ہوا ہے انہوں نے تعاون کے اضافی شعبوں کیلئے بنیاد فراہم کردی ہے اور ہم اپنے دونوں صدور کے درمیان اس سطح پر آئندہ رابطے کے خواہاں ہیں ۔ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت پرزوردیتے ہوئے چین اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ نے سال رواں کے اواخر میں ٹرمپ کے چین کے سرکاری دورے اور دونوں صدور کے درمیان ہیمبرگ ملاقات میں مثبت نتائج کے حصول کیلئے اپنی آمادگی کا اظہار کیا ۔

گزشتہ جمعرات کو وائٹ ہائوس میں چین کی مرکزی کابینہ کے رکن یانگ جائی چائی سے ملاقات کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ وہ ہیمبرگ میں شی کے ساتھ ملاقات اور چین کا دورہ کرنے کے منتظر ہیں ۔انہو ں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اعلیٰ سطح پر اس قسم کے راوبط سے امریکہ چین تعلقات کی ترقی کو مزید فروغ حاصل ہوگا ۔