سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا سندھ پٹھان اتحاد بنانے کا اعلان

پٹھان میرے کہنے پر پیپلز پارٹی کو ووٹ دیتے ہیں لیکن ان کے کام نہیں کئے جاتے ،کنونشن سے خطاب

ہفتہ 24 جون 2017 16:51

سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا سندھ پٹھان اتحاد بنانے کا اعلان
شکار پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) اسپیکر سندھ اسمبلی نے پٹھانوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے خلاف سندھ پٹھان اتحاد بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ سراج درانی کا کہنا ہے کہ پٹھان میرے کہنے پر پیپلز پارٹی کو ووٹ دیتے ہیں لیکن ان کے کام نہیں کئے جاتے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شکارپور میں سندھ بھر کے پٹھان برادری کی جانب سے منعقد کنونشن میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج خان درانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بھر میں رہنے والے پٹھان میرے کہنے پر ووٹ پیپلز پارٹی کو دیتے ہیں ۔

لیکن اس کے بدلے میں پٹھانوں کو منتخب نمائندے رلاتے رہے ہیں انھوں نے کہا کہ بس اب بہت ہوگیا۔ پٹھانوں کے ساتھ اب کوئی بھی کسی کام کیلئے دھکے نہیں کھائے گا۔

(جاری ہے)

منتخب نمائندوں سے لیکر افسران کو پٹھانوں کے کام کرنے پڑیں گے۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی نمائندوں کو وہ خود دیکھ لیں گے۔ اگر اسمبلی میں بھی کوئی افسر بھی کام نہ کرے تو انہیں بتایا جائے وہ ان سے بھی نمٹ لیں گے۔

آغا سراج خان درانی کا کہنا تھا کہ پٹھانوں کو سندھ میں آئے دوسو سال گزر گئے ۔ پٹھان جس جاہ و جلال سے سندھ میں آئے تھے اسی جاہ و جلال اور شان شوکت سے اب تک بس رہے ہیں یہ بہادر اور محنت کش قوم ہے یہ لوگ بھیک مانگنے والے نہیں بلکہ دینے والے ہیں۔تقریب کے آخر میں انھوں نے سندھ پٹھان اتحاد بنانے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں تنظیم سازی بھی کی جائے۔

رات گئے تک جاری رہنے والی اس تقریب میں شہید بینظیر بھٹو کی سال گرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ کنونشن سے شکارپور کے ضلعی چیئرمین آغا مسیح الدین درانی سمیت سندھ بھر سے آئے ہوئے پٹھان رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔واضح رہے کہ اس موقع پر پٹھان قبیلے کے لوگوں کی سب سے بڑی شکایت یہ تھی کہ ان کے شناختی کارڈ نہیں بنائے جاتے جس پر آغا سراج خان درانی نے انھیں یقین دلایا کہ اب ایسا نہیں ہونے دیا جائیگا اور سب کے کارڈ بنائے جائیں گے۔