چالیس سال سے قبضہ مافیا کراچی چیمبر کی پراپڑٹی پر قابض ہے، شمیم فرپو

احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر ہائی کورٹ کاچیرمین متروکہ وقف املاک بورڈکو شوکاز نوٹس جاری

ہفتہ 24 جون 2017 15:57

چالیس سال سے قبضہ مافیا کراچی چیمبر کی پراپڑٹی پر قابض ہے، شمیم فرپو
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( کے سی سی آئی) کے صدر شمیم احمد فرپو نے کہا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے کراچی چیمبر کی پراپرٹی کے مسئلے کو عدالت کی جانب سے پندرہ روز کی مقرر کردہ مدت میں حل نہ کرنے پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین صدیق الفاروق کو شو کاز نوٹس جاری کیا ہے۔ کراچی چیمبر سے جاری ایک بیان میں شمیم فرپو نے کہا کہ شو کاز نوٹس کے مطابق معزز عدالت نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین صدیق الفاروق سے عدالت کے احکامات پر عمل درآمد میں ناکامی پر تحریری جواب طلب کیا ہے اور اگر ان کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب سے عدالت مطمئن نہ ہوئی تو عدالت متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین کو ذاتی طورپر طلب کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ غیر قانونی قابضین نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران کی ملی بھگت سے کراچی چیمبر کے خلاف جھوٹا اور من گھڑت ریفرنس املاک بورڈ میں دائر کیا جس کا مقصد صرف اور صرف اس معاملے کو مزید تاخیر کا شکار کرنا ہے۔کے سی سی آئی کے صدر نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ کراچی چیمبر نے ایک سال قبل ان غیر قانونی مکینوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کیا جس میں سے کئی مقدمات کا فیصلہ کراچی چیمبر کے حق میں آیا جبکہ بعض مقدمات اب بھی معزز عدالت میں زیر سماعت ہیں لیکن یہ غیر قانونی مکین جن کی سرپرستی پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر خواجہ قطب الدین کر رہے ہیں ان قابضین کو جب یہ خدشہ ہوا کہ عدالت مختلف کیسز کے فیصلے بھی کراچی چیمبر کے حق میں دے سکتی ہے تو ایسے حالات میں انھوں نے متروکہ املاک بورڈ کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین صدیق الفاروق کے سامنے کراچی چیمبرکے خلاف ریفرنس دائر کردیا جبکہ یہ امر باعث تشویش ہے کہ ان قا بضین کو متروکہ وقف املاک بورڈتحفظ اور ترجیحی سلوک فراہم کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کراچی چیمبر میں موجود ریکارڈز کے مطابق ان غیر قانونی قابضین کے پاس چالیس سال قبل ایک دو کمرے تھے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ انھوں نے 12 سی17کمروں پر قبضے کرلئے ۔یہ قابضین کے سی سی آئی کے کمروں کا کوئی کرایہ ادا نہیںکرتے درحقیقت یہ ایک قبضہ مافیا ہے جو کراچی چیمبر کی پراپرٹی پر کئی سالوں سے قابض ہے۔شمیم فرپو نے کہا کہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈقابضین کو بچانے کے لئے اپنا دفتر استعمال کررہے ہیں اور پولیس و عدالت کی جانب سے کارروائی سے بچنے میں ان کی مدد کررہے ہیں۔

کراچی چیمبر متروکہ وقف املاک بورڈ کی ملکیت نہیں یہ عمارت کراچی چیمبر اور اس کے ممبران کی ملکیت ہے جس کا فیصلہ پچاس کی دہائی میں ہی ہو گیا تھا اور اس سے متعلق تمام ثبوت کراچی چیمبر کی انتظامیہ کے پاس موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :