پی ایس 114کاضمنی الیکشن ‘متحدہ سے اتحاد‘ واحد مسیحی جماعت سی پی اے تحلیل

مسیحی حقوق کے تحفظ کیلئے قائم واحد مسیحی پارٹی سی پی اے ایم کیوایم سے اتحاد کرکے اپنا وجود گنوابیٹھی‘ عہدیداران مستعفی

ہفتہ 24 جون 2017 15:57

پی ایس 114کاضمنی الیکشن ‘متحدہ سے اتحاد‘ واحد مسیحی جماعت سی پی اے تحلیل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) پی ایس 114کے ضمنی الیکشن نے مسیحی قوم کا اتحادپارہ پارہ کردیا، مسیحی حقوق کے تحفظ کیلئے قائم واحد مسیحی پارٹی سی پی اے ایم کیوایم سے اتحاد کرکے اپنا وجود گنوابیٹھی‘ عہدیداران مستعفی،چیئرمین شہزاد بخش کے متنازعہ فیصلے پر مسیحی عوام اورقائدین میں شدید غم وغصے کی لہر‘ وائس چیئرمین نے پارٹی تحلیل کردی ۔

تفصیلات کے مطابق مسیحی عوام کے حقوق کے تحفظ کے نام پر قائم ہونیوالی واحد مسیحی جماعت کرسچن پیپلزالائنس میں پی ایس 114کے ضمنی الیکشن میں متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ اتحاد کے باعث پھوٹ پڑگئی، چیئرمین شہزاد بخش کے متنازعہ فیصلے پر پی ایس 114کے علاوہ ملک بھر میں سی پی اے کے کارکنان وعہدیداران میں شدید غم وغصے کی لہر دوڑی گئی ہے۔

(جاری ہے)

مسیحی مذہبی رہنمائوں نے چیئرمین سی پی اے شہزاد بخش کے متنازعہ فیصلے پرکڑی تنقید کرتے ہوئے آئندہ سی پی اے کے کسی معاملے میں مدد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دوسری جانب سی پی اے کے تمام مرکزی عہدیدار ایم کیوایم کے ساتھ اتحاد کے فیصلے پر مستعفی ہوگئے، مرکزی وائس چیئرمین بشارت اٹھوال، شہباز نذر سرویا، سلیم مائیکل ایڈووکیٹ،کراچی ڈویژن کے صدر اشفاق مظفر،سی پی اے کے مرکزی میڈیاکوارڈی نیٹر البرٹ عروج بھٹی، سندھ، پنجاب، اسلام آباد کے صدر وسیکریٹری جنرلزسمیت تمام عہدیداران اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے ۔

وائس چیئرمین سی پی اے بشارت اٹھوال نے صورتحال کے پیش نظر سی پی اے کو تحلیل کرنے کا اعلان کردیاہے۔ مستعفی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بشارت اٹھوال نے کہا کہ چیئرمین شہزاد بخش نے پارٹی سے مشاورت کئے بغیر ایم کیوایم سے اتحاد کرکے مسیحی قوم کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی عوام پہلی بار اپنے امید وار کی حمایت کیلئے جمع ہوئے تھے لیکن شہزاد بخش نے متنازعہ فیصلہ کرکے پارٹی کو تباہ کردیا ہے۔ اس موقع پر سابق جنرل سیکریٹری شہباز نذر سرویاودیگر نے بھی خطاب کیا۔