Live Updates

نواز خاندان سیاست میں خدمت کی بجائے بادشاہت قائم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے‘عبدالعلیم خان

ہفتہ 24 جون 2017 15:43

نواز خاندان سیاست میں خدمت کی بجائے بادشاہت قائم کرنے کی پالیسی پر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک سے سیاسی دہشت گردی ختم کرنے کا وقت آگیا ہے، کرپشن کا حساب مانگنے پر عدلیہ کو دھمکیاں دینے والوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔انہوں نے حلقہ این ای122کے دورے کے موقع پر پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز خاندان نے سیاست میں خدمت کی بجائے اپنی بادشاہت قائم رکھنے کیلئے ملکی اداروں پر تسلط جمانے کی پالیسی پر گامزن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کو استعمال کرتے ہوئے لوٹ مار کے نت نئے طریقے اختیار کئے جا رہے ہیں اور جب حساب کتاب کا وقت آیا ہے تو دھمکیوں کا سلسلہ شروع کردیاگیا ہے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کیلئے منظم مہم عروج پر ہے، ن لیگ نے ہمیشہ سیاسی دہشت گردی کرتے ہوئے اپنے سیاہ کارناموں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے اورسپریم کورٹ پر حملے سے بھی گریز نہیں کیا۔

(جاری ہے)

ایسی ریاست دشمن کوششیں ناکام ہوں گی اور لوٹ مار کرنے والوں کو ایک ایک پائی کا حساب دینا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ اب لفظی گولہ باری کی جارہی ہے، پاناما کیس کی تحقیقات کو جمہوریت کیخلاف سازش ثابت کرنے کیلئے زمین آسمان کے قلابے ملائے جارہے ہیں، بیٹے حسین نواز سے داماد کیپٹن صفدر تک نواز شریف خاندان کے ہر فرد کی پیشی کے بعد درباریوں نے عدلیہ کیخلاف محاذ کھولنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ماضی میں عید پاکستان میں منانے کیلئے سعودی شہزادوں اور پرویز مشرف سے التجائیں کرنے والے اپنے ہی دور حکومت میں عیدیں بیرون ملک گزار رہے ہیں،ملک کی حالت یہ ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ کا خسارہ 5سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا،دوسری جانب نیپرا نے بھی تسلیم کرلیا ہے کہ آئندہ سال بھی لوڈشیڈنگ ختم ہونے کا کوئی امکان نہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام جھوٹے دعوے کرنے والوں کے اصل چہرے پہچان چکے ہیں ،حکمران خاندان کو جان لینا چاہیے کہ اب عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ممکن نہیں رہااور انہیں اپنے کیے کا ہر حال میں حساب دیناہو گا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات