عید الفطر کے موقع پر مساجد ، امام بارگاہوں ، اقلیتی عبادت گاہوں سمیت اہم و حساس مقامات کی سکیورٹی سخت ، پولیس کی بھاری نفری تعینات

ہفتہ 24 جون 2017 15:11

عید الفطر کے موقع پر مساجد ، امام بارگاہوں ، اقلیتی عبادت گاہوں سمیت ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2017ء) عید الفطر کی آمدکے باعث امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے فیصل آباد سمیت جھنگ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ ، لاہور ،شیخوپورہ ، سرگودھا ، ملتان،خانیوال ،لودھراں ، بہاولپور ، بہاولنگر ،رحیم یار خان، خوشاب، میانوالی اور دیگر شہروں میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے جبکہ تمام مسالک کی مساجد ، امام بارگاہوں، اقلیتی عبادت گاہوں و دیگر اہم حساس مقامات پر بھی پولیس کی ضروری نفری کو تعینات کیا گیا ہے نیز تمام بڑے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی قانون نافذ کرنیو الے اداروں کے با وردی اور سادہ لباس میں ملبوس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جو مشتبہ افراد اور مشکوک گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع نے بتا یا کہ تمام مسالک کی مساجد میں عید کی نمازوں کے اوقات کے دوران سکیورٹی کا فول پروف انتظام کیا گیا ہے اور تما م اہم پبلک مقامات پر کلوز سرکٹ خفیہ کیمرے نصب کر کے ان کی سختی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کو تمام ممکن تحفظ کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں تاہم عوام کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ پولیس اور سکیورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں سے بھر پور تعاون کریں تاکہ شر پسند عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک شخص یا مشتبہ گٹھڑی ، بیگ، بریف کیس، صندوق ، گاڑی ، موٹر سائیکل وغیرہ کے نظر آنے پر اس کی فوری اطلاع پولیس ایمر جنسی سروس ریسکیو 15 یا قریبی پولیس تھانہ کو فراہم کی جائے ۔ انہوںنے کہا کہ عوام اپنے قرب و جوار پر بھی کڑی نظر رکھیں اور نا واقف حلیے کے افراد یا ان کی مشکوک حرکات و سکنات کی بھی فوری قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع دینے والوں کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا اور انہیں ہر قسم کے تحفظ کی ضمانت بھی فراہم کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :