لوگوں کے جان ومال کا تحفظ ریسکیو1122 کی اولین تر جیح ہے‘انجینئر رانااعجاز احمد

ہفتہ 24 جون 2017 14:23

لوگوں کے جان ومال کا تحفظ ریسکیو1122 کی اولین تر جیح ہے‘انجینئر رانااعجاز ..
شیخو پورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء)ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسررانااعجاز احمد کی زیرِصدارت ریسکیو 1122 کا عیدالفطر کے حوالے سے خصوصی اجلاس ریسکیو 1122شیخوپورہ کے ضلعی ہیڈکواٹرمیںمنعقد ہواجس میں ریسکیو 1122نے عیدالفطر کا ایمر جنسی پلان تیار کیا ۔

(جاری ہے)

اس پلان کے مطابق ضلع بھر کے ریسکیو اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور عیدالفطر کی نماز کے بڑے اجتماعات پر ریسکیو ایمبولینسزاور ریسکیو اہلکار کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت چوکس رہیں گے تاکہ عوام کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

مزیدبرآں عیدالفطر کے اجتماعات پر موُثرطبی امداد کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے ریسکیو پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی اور ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ ساتھ ریسکیو محافظ بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جن کو ریسکیو 1122 کی جانب سے ایمرجنسی کی مکمل تربیت دی گئی ہے۔ اجلاس میں کنٹرول روم انچارج سید مشتاق شاہ ، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر غلام مرتضٰی ڈوگر،ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسرعارف اقبال، اسٹیشن کوآرڈینیٹر محمد عارف اورمیڈیا کوآرڈینیٹر شاہد حسین موجود تھے۔