پارٹنر سکول مالکان ہمارے ادارے کے لیے فخر کا باعث ، ان کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے‘ ایم ڈی پیف

پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے دفاتر میں سکول مالکان بہترین سہولیات فراہم کر کے جلد از جلد ان کی شکایات کا ازالہ یقینی بنایا جارہا ہے

ہفتہ 24 جون 2017 13:48

پارٹنر سکول مالکان ہمارے ادارے کے لیے فخر کا باعث ، ان کے مسائل کا حل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) وزیرا علیٰ پنجاب کے وژن--’پڑھوپنجاب،بڑھو پنجاب‘ پر پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن (پیف)تعلیم کی ترویج و ترقی کے میدان کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں،اس میں بلاشبہ ہمارے پیف پارٹنر سکول مالکان کا انتہائی اہم کردار ہے جن کی انتھک کاوشوں کی بدولت صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقے کے لوگوں کو مفت و معیار ی تعلیم کی وافر سہولیات ان کے گھروں کی دہلیزپردستیاب ہوگئی ہیں ،پیف اور سکول مالکان کی مشترکہ کوششوں سے مستحق بچوں کو تعلیم کے ذریعے محرومیوں کا خاتمہ کیا جارہا ہے۔

پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر طارق محمود نے یہ بات اپنے ایک پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹنر سکول مالکان ہمارے ادارے کے لیے فخر کا باعث ہیں ، ان کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے ۔

(جاری ہے)

پیف دفاتر میں سکول مالکان کو بہترین سہولیات فراہم کر کے ان کی شکایات اور مسائل کے فوری ازالہ کیا جاتا ہے۔اس غرض سے آن لائن سٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم کا کمپلینٹ سیل ہر سکول پروگرام میں موجود ہے۔

جہاں آن لائن شکایات وصول کے جاتی ہیں اور ان کی وصولی کا ایس ایم ایس کمپلینٹ نمبر کے ساتھ شکایت کنندہ کو فوری بھیج دیا جاتا ہے۔سکول مالک کی شکایت پر جلد از جلد عمل درآمد کے لیے متعلقہ افسران کو پہنچا دی جاتی ہے۔اس کے علاوہ مانیٹرنگ اینڈایویلیوایشن ڈپارٹمنٹ میں سینٹرلائزڈ کمپلینٹ سیل موجود ہے۔جہاں سکول مالکان کے ساتھ ساتھ عوام کی شکایات کا اندراج کیاجاتا ہے اور ضلعی سطح پر تعینات سٹاف کے توسط سے لوگوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے کارروائی کی جاتی ہے۔

ایم ڈ ی پیف نے مزیدکہا کہ پارٹنر سکول مالکان کو سہولت کی خاطر ملتان اور راولپنڈی کے ریجنل آفسز قائم کیے گئے ہیں تاکہ جنوبی پنجاب اور اپر پنجاب کے سکول مالکان کو ان کے مسائل اور شکایات کے ازالے کے لیے سفر کی مشکلات کم کی جائیںاور اس کے ساتھ ان کے وقت بچت ہو سکے۔