ملاوٹ کرنا قانونی، اخلاقی اور شرعی جرم ہے ، اس ضمن میں کسی کیساتھ رعایت نہیں برتی جائیگی، ڈپٹی کمشنر سرگودہا

ملاوٹ مافیا کے خلاف بھر پور جہاد کر کے ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا،لیاقت علی چٹھہ

ہفتہ 24 جون 2017 13:46

ملاوٹ کرنا قانونی، اخلاقی اور شرعی جرم ہے ، اس ضمن میں کسی کیساتھ رعایت ..
سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) ڈپٹی کمشنر سرگودہا لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ ملاوٹ کرنا قانونی ‘ اخلاقی اور شرعی جرم ہے او را س ضمن میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔ ملاوٹ مافیا کے خلاف بھر پور جہاد کر کے ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ انہوں نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سرگودہا میں جلد فوڈ اتھارٹی کام شروع کردے گی جس کے بعد اس مکروہ دھندا میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کیاجاسکے گا۔

پیور فوڈ آرڈی نینس میں توسیع کی گئی ہے جس کے تحت ملاوٹ مافیا کو سزا بڑھا کر تین سال جبکہ جرمانہ بیس لاکھ روپے کر دیاگیا ۔ اس طرح کے سیمینار کامقصد لوگوں میں آگاہی پیدا کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے جعلی فیکٹری او رملاوٹ کرنے والے افراد کے بارے اطلاع پر ایک لاکھ روپے کے انعام کا بھی اعلان کر رکھاہے ۔

(جاری ہے)

اطلاع دینے والے شخص کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی اس مہم کا حصہ بنیں اور ایسے لوگوں کو سخت سزا دلوائیں ۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ملاوٹ کے بارے آگاہی کیلئے شہر بھر میں نمایاں مقامات پر بینرز لگانے ‘ کیبل اور اخبارات میں اشتہار دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا سعید لغاری نے کہا کہ حکومت انسانی صحت پر کوئی کمپرومائز نہیں کرئے گی او راس حوالے سے قانون پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ پیور فوڈ آرڈی نینس کی اردو میں کاپیاں حاصل کر کے تاجروں میں تقسیم کی جائیں گی تاکہ وہ قانون کے مطابق اپنا کاروبار کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی چیز میں ملاوٹ یعنی دودھ ‘ دیسی گھی ‘ اچار ‘کیچپ ‘ چائے کی پتی ‘ ہلدی ‘ سرخ مرچ ‘مصالحہ جات ‘ آئس کریم ‘ کولڈ ڈرنکس اور باقی کھانے پینے کی اشیائے میں ملاوٹ کو ہر گز برداشت نہیںکیا جائے گا۔

ڈی ایچ او ڈاکٹر چوہدری اسلم نے کہاکہ حدیت قدسی ہے کہ ملاوٹ کرنے والا ہم میں سے نہیں اگر اس پر عمل کیاجائے توہو نہیں سکتا کہ انسان کا کاروبار نہ چلے ۔ انہوں نے کہاکہ ملاوٹ کرنا ہر معاشرے میں جرم سمجھاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ متوازن غذا صاف ہوا او رپانی عوام کاحق ہے او رحکومت اس امر کو یقینی بنارہی ہے کہ ملاوٹ سے پاک اشیاء کی فراہمی لوگوں تک پہنچ سکے ۔

ملاوٹ کے باعث بیماریوں میں اضافہ ہونے سے آج ہمارے ہسپتال بھر ے پڑے ہیں ۔ ڈی ایچ او نے مزید کہا کہ سرگودہا واحد ضلع ہے جہاں یہ کاوش کی جارہی ہے کہ لوگوں میں ملاوٹ کے با رے شعور بیدار کیا جاسکے۔ آگاہی مہم کا مقصد تاجروں کو ایک جرم سے بچانا ہے بصورت دیگر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنما شاہین احسان مغل نے انتطامیہ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور ملاوٹ کے خلاف شروع کی گئی مہم میں انتظامیہ کے ہر اول دستے کے طو ر پر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :