پشاور میں سیکیورٹی فورسز کا فلورمل پر چھاپہ،

2دہشتگر د ہلاک ، 5جوان زخمی دہشت گردوں کے قبضے سے 600 سے زائد ڈیٹونیٹر، بارودی مواد اور خودکش جیکٹس بنانے کا سامان، اہم دستاویزات اور ویڈیوز بر آمد ، دہشت گرد عید پرکوئی کارروائی کرنا چاہتے تھے،سی سی پی او پشاور

ہفتہ 24 جون 2017 13:34

پشاور میں سیکیورٹی فورسز کا فلورمل پر چھاپہ،
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2017ء) پشاور کے نواحی علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 2دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ، فائرنگ کے تبادلے میں 3پولیس اہلکار اور 2فوجی جوان زخمی ہو گئے۔واقعے کی خبر سامنے آتے ہی اہل علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او پشاور طاہر خان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے خفیہ اطلاعا ت پر فلور ملز میں آپریشن کیا جہاں ڈیٹو نیٹرزاور خودکش جیکٹس تیار کی جا رہی تھی۔

آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے 5اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ کالعدم تنظیم کے 2دہشتگرد بھی مارے گئے۔ ہلاک دہشتگردوں میں سے ایک کی شناخت خلیل عرف عارف کے نام سے ہوئی ہے جو کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر ہے۔ آپریشن کے بعد خلیل عرف عارف کی بیوی اور چار بچوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جو فلوز ملزکی عمارت میں ہی رہائش پزیر تھے۔

(جاری ہے)

ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 6دستی بم ،600ڈیٹو نیٹرز ، 4پستول اور 4کلاشنکوف بھی برآمد ہوئے ہیں۔

سی سی پی او کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے کمپیوٹر اور موبائل فونز جبکہ حساس مقامات کی تصاویر اور مختلف کاغذات بھی ملے ہیں۔فلور مل جس شخص کی ملکیت ہے اس کو بھی شامل تفتیش کریں گے، قوی امکانات ہیں کہ دہشت گرد عید پرکوئی کارروائی کرنا چاہتے تھے…سی سی پی او پشاور کے مطابق تحقیقات جاری ہیں دہشت گرد یہاں کتنے عرصے سے مقیم تھے، اس کا پتہ چلایا جائیگا، ہلاک دہشت گرد چند روز قبل پولیس پر حملے میں بھی ملوث تھے۔