رمضان المبارک کے آخری آیام میں عید کی خریداری مہم عروج پر پہنچ گئی

مارکیٹوں و کاروباری مراکز میں خریداری کیلئے آنیوالے شہریوں کی تعدادمیںمسلسل اضاٖفہ

ہفتہ 24 جون 2017 12:46

رمضان المبارک کے آخری آیام میں عید کی خریداری مہم عروج پر پہنچ گئی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2017ء) رمضان المبارک کے آخری آیام میں عید کی خریداری مہم عروج پر پہنچ گئی ہے اور مارکیٹوں و کاروباری مراکز میں خریداری کیلئے آنیوالے شہریوں کی تعداد مسلسل اضاٖفہ ہورہاہے۔عید خریداری مہم میں حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کو عید سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کے بعد بہت تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

عیدالفطر کی آمد کی مناسبت سے جڑواں شہروں سمیت ملک کے بڑے بڑے شہروں کے کاروباری مراکز میں چوڑیوں، مہندی اور آرٹیفشل جیولری کے سٹالوں میں اضافہ ہوا ہے۔ مختلف کاروباری مراکز میں ایسے سٹالوں کی تعداد میں رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے بعد سے ہی اضافہ ہوا ہے تاہم اب ان کی تعداد بہت زیادہ ہو گئی ہے۔ ان سٹالوں پر رنگا رنگ چوڑیاں، بریسلٹ اور خواتین کیلئے دیگر آرائشی سامان رکھا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

جناح سپر مارکیٹ میں اسی طرح کے ایک سٹال کے مالک فیاض خان نے بتایا کہ ان کے کاروبار میں بہت تیزی آئی ہے اور یہ سلسلہ آج (چاند رات ) تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔تاہم دوسری جانب بازاروں میں خریداری کیلئے رش کی وجہ سے پارکنگ کے مسائل میں اضافہ ہواہے۔ آبپارہ مارکیٹ، میلوڈی، صدر،چائنامارکیٹ،سپر مارکیٹ،جناح سپر،کمرشل مارکیٹ،ٹنچ بازار اوردیگر کاروباری مراکز میں خریداری کیلئے لوگوں کی آمد میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے پارکنگ میں جگہ نہ ملنے یا پارکنگ کیلئے مقامات مخصوص نہ کرنے کی وجہ سے شہری سڑکوں کنارے گاڑیاں پارک کرنے پر مجبور ہیں ، غیرمنظم طریقے سے پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔

شہریوں کا کہناہے کہ توجہ نہ دینے سے ٹریفک کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ صدر میں ایک خاتون نے بتایا کہ صدر میں چند ایک پلازے ہیں جہاں بیسمنٹ میں پارکنگ کی سہولت موجود ہے تاہم اس کی فیس زیادہ ہے جس پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ڈیوٹی پر موجود ایک ٹریفک پولیس اہلکار نے بتایا کہ پولیس نے ٹریفک کو رواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کررکھے ہیں، شہر کے مختلف مقامات پر ڈائیورشن اور یوٹرنز بنائے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ ٹریفک کو رواں رکھنے میں شہریوں کی جانب سے زیادہ تعاون کی ضرورت ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :