چین میں مٹی کا تودہ گرنے سے150افراد لاپتہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 24 جون 2017 12:31

چین میں مٹی کا تودہ گرنے سے150افراد لاپتہ
بیجنگ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 جون ۔2017ء) چین کے صوبے سیچوان میں مٹی کا تودہ گرنے سے 150سے زائد افراد لاپتہ ہوگئے ہیں-حکام کی جانب سے بڑے پیمانے پر لوگوں کے مٹی کے تودے کے نیچے دب جانے اور ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق صوبہ سیچوان میں ماﺅ کاﺅنٹی کی حکومت نے بتایا کہ ہفتہ کو علی الصبح مٹی کے تودے کے ساتھ بڑی مقدار میں چٹانوں کے پتھر اور مٹی شنمو نامی گاﺅں کے گھروں پر آ گرے اور اس کی زد میں 40 سے زائد مکانات اور ایک ہوٹل آیا۔

حکام کے مطابق ابھی تک 150سے زائد افراد کے لاپتا ہونے کا معلوم ہو سکا اور تقریباً سڑک کا تقریباً ایک میل طویل حصہ بھی مٹی کے تودے تلے دب چکا ہے۔امدادی کارکنوں نے تین افراد کو بچا یا ہے جن میں ایک ماہ کا بچہ بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

مقامی امدادی عہدیدار وانگ یونگبو نے سرکاری نشریاتی ادارے کو بتایا کہ مٹی کے تودے نے دریا کے دو کلومیٹر تک کے بہاﺅ کو بھی متاثر کیا ہے اور ان کے بقول یہاں اندازاً 30 لاکھ کیوبک میٹر مٹی اور پتھر گرے ہوئے ہیں۔

پہاڑ سے گرنے والا یہ تودہ اولمپکس کے تقریباً 1000 سے زائد سوئمنگ پولز کے برابر ہے۔امدادی کارکنان متاثرین کی تلاش اور امداد کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جن میں پولیس اہلکاروں سمیت 400 سے زائد کارکن حصہ لے رہے ہیں۔ ٹی وی پر دکھائے جانے والے مناظر میں مٹی ہٹانے کے لیے مشینری کے استعمال کے علاوہ رسیوں کے ذریعے چٹانی پتھروں کو بھی یہاں سے کھینچا جا رہا ہے۔ایک ماہر موسمیات نے ٹی وی کو بتایا کہ اس علاقے میں ہونے والی ہلکی بارش آئندہ چند روز تک بھی جاری رہے گی۔ماﺅ کاﺅنٹی کی آبادی تقریباً ایک لاکھ دس ہزار ہے جن میں اکثریت چیانگ اقلیتی نسل سے تعلق رکھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :