سعودی سکیورٹی اہلکاروں نے مکہ مکرمہ میں دہشتگردانہ حملے کو ناکام بنا دیا

ہفتہ 24 جون 2017 12:31

سعودی سکیورٹی اہلکاروں نے مکہ مکرمہ میں دہشتگردانہ حملے کو ناکام بنا ..
ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2017ء) ’سعودی عرب کے سکیورٹی اہلکاروں نے مکہ مکرمہ میں واقع مقدس ترین مسجد پر دہشتگردانہ حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا ۔، سعودی سکیورٹی اہلکاروں کی بروقت کارروائی پر شدت پسند نے اپنے آپ کو اڑا لیا۔ ہفتہ کو ذرائع ابلاغ نے سعودی وزارتِ داخلہ کے حوالہ سے بتایاکہ ایک عمارت میں موجود خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اس وقت اڑا لیا جب سکیورٹی اہلکاروں نے اس عمارت کو گھیرے میں لیا۔

دھماکے کے بعد عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور 11 افراد زخمی ہوئے جن میں پانچ پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔یاد رہے کہ اسلامی مہینے رمضان کے آخری دنوں کے باعث لاکھوں مسلمان اس وقت مکہ میں موجود ہیں۔اس حملے کے بارے میں سعودی حکام نے مزید کوئی اطلاعات جاری نہیں کیں۔

(جاری ہے)

سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان جنرل منصور الترکی نے سعودی ٹی وی کو بتایا کہ 'پولیس نے مسجدالحرام پر حملے کے منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق مسجدالحرام کے قریب ایک عمارت کو گھیرے میں لیا جس میں ایک مشتبہ شدت پسند تھا۔اس شخص نے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی جس کے جواب میں سکیورٹی اہلکاروں نے بھی فائرنگ کی۔ اور تھوڑی دیر بعد اس شخص نے اپنے آپ کو اڑا لیا۔'مسجدالحرام کے قریب اس کارروائی سے قبل مکہ اور جدہ میں پولیس نے ایک عورت سمیت پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ اس دھماکے کے نتیجے میں عمارت جزوی طور پر تباہ ہوئی جس کے باعث چھ عام شہری بھی زخمی ہوئے۔واضح رہے کہ گذشتہ چند سالوں میں سعودی عرب میں متعدد حملے کیے جا چکے ہیں اور ان میں سے کئی کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے قبول کی ۔

متعلقہ عنوان :