پاکستان ریلویز کی لائنوں پر موجود پلوں کی انسپکشن کو مزیدبہترکیاجائے،سعد رفیق

جن پلوں کی انسپکشن سال میں ایک یادوبار ہوتی تھی اب ان کی انسپکشن سال میں تین بار ہوگی ، وفاقی وزیر ریلویز کی سیفٹی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت ایڈیشنل جنرل منیجرانفراسٹرکچرہمایوں رشید کی ریلوے کی تمام لائنوں پر دس ہزار سے زائد پلوں کی سیفٹی کے حوالے سے بریفنگ

جمعہ 23 جون 2017 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2017ء) پاکستان ریلویز کی لائنوں پر موجود پلوں کی انسپکشن کو مزیدبہترکیاجائے اورجن پلوں کی انسپکشن سال میں ایک یادوبار ہوتی تھی اب ان کی انسپکشن سال میں تین بار ہوگی یہ ہدایات وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے سیفٹی کے حوالے سے ریلوے ہیڈکوارٹرزآفس لاہورمیں منعقدہ ایک اجلاس میں دیں۔

ایڈیشنل جنرل منیجرانفراسٹرکچرہمایوں رشید نے ریلوے کی تمام لائنوں پر دس ہزار سے زائد پلوں کی سیفٹی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پاکستان ریلویز پلوں کی انسپکشن کو ماڈرنائزکرے اور انسپکشن کے لیے کم وزن والی موٹر ٹرالیاں خریدی جائیں۔زیرزمین اورپانی کے اندرپل کی مضبوطی جانچنے کے لیے آلے خریدے جائیں۔ جو آلات فوری ضرورت کے ہیں وہ ریلوے کے فنڈسے خریدے جائیںاورنئی ٹیکنالوجی کے لیے جو آلات درکار ہیں ان کی خریداری کے لیے پی سی ون تیار کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ پلوں کی جانچ کے ساتھ ساتھ ان کی عمر بڑھانے پر بھی غور کیاجائے اور اس کے لیے طریقہ کاراورتکنیک پر رپورٹ جلدازجلدپیش کی جائے۔ ایک اور اجلاس میں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر ریلوے میں جدیدطرز کے فائرفائٹنگ اور فرسٹ ایڈ نظام متعارف کروانے کے حوالے سے پہلی رپورٹ پیش کردی گئی۔وزیر ریلویز کا کہناتھا کہ دنیا کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے ضروری ہے کہ ایسا مکمل فائرفائٹنگ نظام لایاجائے جو انسانی ماحول اور انسانی جلدکو متاثرکئے بغیرکم وقت میں زیادہ سے زیادہ آگ بجھاسکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نظام ریلوے اسٹیشنوں ، پسنجرٹرینوں، فریٹ کوچز، لوکوموٹیوزاور کارخانوں کے لیے مرحلہ وار خریدااور نصب کیاجائے۔اس کے لیے اوپن بڈنگ کی جائے اور بہترین کمپنی کی خدمات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایات جاری کیں کہ ریسکیو 1122کی طرز پر ماڈرن فرسٹ ایڈ سہولیات مہیاکی جائیں۔ آج منصوبہ بندی کریں گے توآنے والے اس کا فائدہ اٹھاسکیں گے۔

سیفٹی کے حوالے سے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ لیول کراسنگ سے گزرنے والوں کے لیے ایک وارنگ سسٹم تجرباتی بنیادو ں پرلگایا گیا ہے اور جلد ہی اس کو مختلف لیول کراسنگز پر نصب کیا جائے گا۔ اس سسٹم کے تحت جب ٹرین کا انجن لیول کراسنگ سے ایک مقررہ فاصلے پر پہنچے گا توروڈ استعمال کرنے والے اور گیٹ کیپرکو خبردار کرنے کے لیے سائرن بجے گاجس سے حادثات سے بچاجاسکے گا۔

وزیر ریلویزخواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی کہ ڈرائیورز کی دیکھنے کی قوت کو بڑھانے کے لیے بھی کام کیا جائے جس سے انجن میں لگی سکرین پر ڈرائیور ٹریک پر وہ چیز بھی باآسانی دیکھ سکے جو عام آنکھ سے دیکھنا ممکن نہیں اور اس کے لیے تمام جدید ٹیکنالوجی رکھنے والی کمپنیوں سے میٹنگ رکھی جائے۔ہماری ترجیحات عوام کو محفوظ ، سستااور معیاری سفر فراہم کرنا ہیں۔ عوام کی سیفٹی کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت برتنے کی گنجائش نہیں ہے۔