معاشرہ ملک سے غربت کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،تمام طبقات تخفیف غربت کیلئے کام کریں تو اس سے بھائی چارے کو فروغ ملے گا اور معاشرے کا وقار بھی بلند ہوگا،صدر مملکت ممنون حسین کا افطار ڈنر سے خطاب

جمعہ 23 جون 2017 23:20

معاشرہ ملک سے غربت کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،تمام طبقات ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک سے غربت کے خاتمہ کیلئے حکومتی پالیسیوں کے علاوہ معاشرہ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایوان صدر میں تخفیف غربت کیلئے کام کرنے والی فلاحی تنظیم اخوت کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر فلاحی تنظیم نے خواتین کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے سود سے پاک قرضے بھی جاری کئے۔ تقریب سے اخوت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب نے بھی خطاب کیا۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات تخفیف غربت کیلئے کام کریں تو اس سے بھائی چارے کو فروغ ملے گا اور معاشرہ کا وقار بلند ہوگا، جس سے زندگی کے تمام شعبوں پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سوسائٹی اس لحاظ سے خوش قسمت ہے کہ ہر شخص فلاح و بہبود کے کاموں میں حصہ لینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ قرضہ حاصل کرنے والے خاندان ان رقوم کو پوری دیانتداری سے استعمال کر کے خود کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے ساتھ ساتھ دوسروں کیلئے بھی معاون ثابت ہوں گے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان بنانے کا مقصد اصل میں یہ تھا کہ کمزور اور نادار کا ہاتھ مضبوط کیا جائے اور اسے ترقی کے دھارے میں شامل کیا جائے، پاکستان بتدریج ان مقاصد کے حصول کیلئے آگے بڑھ رہا ہے۔

فلاحی تنظیم اخوت بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے جس سے ملک بھر میں لاکھوں لوگ استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے فلاحی تنظیم کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ اس عمل سے ملک سے غربت کے خاتمہ کیلئے شروع کی گئی کوششیں یقیناً کامیاب ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :