چار لاکھ عیدی بھتہ نہ دینے پر سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹر نے ای الیون میں ہوٹل مسمار کردیا

ہوٹل مالکان کا مظاہرہ ،حکام بالا سے انصاف کے اپیل ْ ڈائریکٹر انفورسمنٹ کی عدالتی حکم عدولی ، سٹے آرڈر کے باوجود ہوٹل کو گرادیا گیا سی ڈی اے انتظامیہ جان بوجھ کر ہم پر طلم و ستم کررہی ہے، چیئرمین سی ڈی اے نے اپنے افسران کو لگام نہ دی تو بہت بڑا خون خرابہ ہوگا جس کے ذمہ دار وہ اور دیگر افسران ہوں گے،اہلیان علاقہ

جمعہ 23 جون 2017 22:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2017ء) چار لاکھ روپے عیدی بھتہ نہ دینے پر سی ڈی اے انفورسمنٹ کے ڈائریکٹر نے سیکٹر ای الیون میں ہوٹل مسمار کردیا‘ سی ڈی اے انفورسمنٹ کے ڈائریکٹر کے خلاف ہوٹل مالکان کا مظاہرہ ،حکام بالا سے انصاف کے اپیل۔ انفورسمنٹ کے ڈائریکٹر نے عدالت کے حکم کو بھی پامال کردیا ۔ سٹے آرڈر کے باوجود ہوٹل کو گرادیا گیا۔

ہوٹل کے مالک محمد شہزاد نے بتایا ہے کہ دو دن قبل ڈائریکٹر انفورسمنٹ و دیگر عملہ کے ہمراہ میرے ہوٹل پر آئے ا ور کہا کہ ہم چیئرمین سی ڈی اے کے لئے پیسے اکٹھے کررہے ہیں او رہم نے تمام سیکٹرز سے لاکھوں روپے وصول کرلیے ہیں اگر آپ نے چار لاکھ روپے نہ دیئے تو نہ صرف آپ کا ہوٹل مسمار کردیا جائے گا بلکہ نا جائز تجاوزات کی آڑ اور کار سرکار میں مداخلت کے حوالے سے آپ کے خلاف مقدمہ درج کروادیں گے ستم ظریفی یہ ہے کہ ڈائریکٹر انفورسمنٹ خود توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں انہوں نے میرا کروڑوں روپے کا نقصان کیا ہے ڈائریکٹر انفورسمنٹ کو کہا کہ میں غریب آدمی ہوں اور مشکل سے پیسے اکٹھے کرکے یہ ہوٹل تعمیر کیا ہے جو کہ میری اپنی ذاتی جگہ پر بنایا ہے میں کس چیز کا بھتہ دوں جس پر ڈائریکٹر انفورسمنٹ آگ بگولہ ہوگیا اس نے کہا کہ آپ کے پاس دو دن ہیں اگر چار لاکھ کا انتظام نہ کیا تو آپ کا ہوٹل مسمار ہوجائے گا آج جب ہم مسجد میں نماز جمعہ ادا کررہے تھے تو اس وقت ڈائریکٹر انفورسمنٹ دیگر عملے کے ساتھ آئے جن کے پاس ہیوی مشینری بھی تھی ہمارا ہوٹل مسمار کرکے چلے گئے ہماری حکام بالا اور چیئرمین سی ڈی اے سے درخواست ہے کہ اتنا ظلم تو غیر ممالک میں بھی مسلمانوں کے ساتھ نہیں ہوتا وہاں پر بھی نماز کے اوقات میں کسی کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوتا بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آج جمعتہ المبارک کے مقدس دن میں ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے یزیدیت کا مظاہرہ کیا ہے اس موقع پر دیگر اہلیان علاقہ حاجی محمد رمضان اور اورنگزیب ‘ محمد اشفاق ‘ ظاہر شاہ‘ واجد شاہ ‘ حسن شاہ و دیگر نے کہا کہ یہ ہمارے آبائو اجداد کی زمینیں ہیں جن پر ہمارے گھر آباد ہیں سی ڈی اے انتظامیہ جان بوجھ کر ہمارے اوپر طلم و ستم کررہی ہے اگر چیئرمین سی ڈی اے نے اپنے افسران کو لگام نہ دی تو بہت بڑا خون خرابہ ہوگا جس کے ذمہ دار چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر افسران ہوں گے ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے انتقامی کارروائی کی ہے صرف ہمارے ہوٹل کو نشانہ بنایا گیا ہے جن لوگوں نے بھتے دیئے ہیں ان کے ہوٹل اور دکانیں قائم ہیں۔

متعلقہ عنوان :