بیت المقدس کی آزادی مسلم حکمرانوں پر قرض ہے،،مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر عرصہء حیات تنگ کیاجارہاہے

صدر جمعیت علماء پاکستان سندھ علامہ سید عقیل انجم قادری کا خطاب

جمعہ 23 جون 2017 22:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) بیت المقدس کی آزادی مسلم حکمرانوں پر قرض ہے، اسلامی ممالک کے حکمران قبلہء اول کی آزادی کے لئے اپناکرداراداکریں،اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں حدسے بڑھتی جارہی ہیں،مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر عرصہء حیات تنگ کیاجارہاہے،فلسطینیوں کی ہمت جرأت اور استقلال کو سلام پیش کرتے ہیں،مسلمانوں پر اس سے برااور کون سا وقت آسکتاہے کہ اسلامی ممالک کے اتحاد کی سربراہی امریکاکرے،وقت آگیاہے کہ مسلم امہ اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے اٹھ کھڑی ہو۔

بروز جمعہ یہ باتیں جمعیت علماء پاکستان سندھ کے صدرعلامہ سید عقیل انجم قادری نے جامع مسجد جمیل زمان ٹائون اورمکہ پیلس کورنگی کراسنگ پر منعقدہ اجتماعات اور القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

علامہ سیدعقیل انجم قادری نے کہاکہ اسرائیل نے 69برس سے فلسطین پرغاصبانہ قبضہ کیاہواہے اور مسلمانوں کا قبلہء اول بھی صیہونیوں کے غاصبانہ تسلط میں ہے،مسجد اقصیٰ کے تقدس کو پامال کیاجارہاہے، فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی چیرہ دستیوں اور مظالم کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے اور افسوسناک امر یہ ہے کہ مسلم حکمران خواب غفلت میں سورہے ہیںاور قبلہء اول القدس کو یکسرفراموش کربیٹھے ہیں،مسلم حکمرانوں کی بے حسی کی انتہایہ ہے کہ غزہ کی پٹی جہاں اٹھارہ لاکھ سے زائد فلسطینی مسلمان آباد ہیں گیارہ سال سے محاصرے میں ہے ،جہاں غذائی اجناس اور ادویات ناپید ہوچکے ہیں،دنیابھرسے بھیجی جانے والی امدادکو بھی داخلے کی اجازت نہیں،اس سے بڑھ کر یہ مظلوم فلسطینیوں کو آئے روز دہشتگردی کا نشانہ بنایاجارہاہے،لیکن انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو یہ سب نظرنہیں آرہا۔

انہوں نے کہاکہ مسلمان کسی صورت میں مسجداقصیٰ اور قبلہء اول کی بے حرمتی برداشت نہیں کرسکتے، حکمران اسرائیل کے خلاف آوازحق بلندکریں اور مظلوم فلسطینیوں پر ظلم وتشددبندکروائیں۔دریں اثناء قائد جمعیت علماء پاکستان وسربراہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر کی ہدایت پر ملک بھرمیں جمعة الوداع پر یوم القدس منایاگیا اس سلسلے میں مختلف شہروں میں القدس ریلیاںنکالی گئیں ،جلسے جلوس اور اجتماعات کا انعقاد کیاگیا جن میں مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہاریکجہتی کیاگیااور مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیاگیاکہ خواب غفلت سے بیدارہوکر امت مسلمہ کی ترجمانی کریں۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ اسرائیل کا وجود دنیاکے نقشے پر ناسورکی طرح ہے،صیہونی دنیاپر تسلط کا خواب دیکھ رہے ہیں جوکبھی شرمندہء تعبیر نہیں ہوسکتا،امت مسلمہ بیدارہوجائے اور اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے جدوجہد کرے۔

متعلقہ عنوان :