مسلم حکمران متحد ہوکر دشمنان اسلام کے سامنے سینہ سپرہوجائیں،حافظ احمدعلی

جمعہ 23 جون 2017 22:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء)بیت المقدس کی آزادی کے لئے امت مسلمہ متحداور بیدارہوجائے ،امریکا اسلامی ممالک میں شرانگیزی سے بازرہے،قطراورشام کے مسئلے کاپرامن حل نکالاجائے اورفلسطین وکشمیر سمیت دنیابھرمیں نہتے مسلمانوںپر بربریت بند کرائی جائے، (او آئی سی)اور اسلامی ممالک سرجوڑ کربیٹھیں اور مسلم ملکوں میں جاری خانہ جنگی اور خونی تصادم کوروکنے کے لئے کاوشیں بروئے کارلائیں۔

وہ بروز جمعہ ان خیالات کااظہار جمعیت علماء اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری حافظ احمدعلی نے صوبائی امیر الحاج قاری عبدالمنان انور نقشبندی کے زیرصدارت افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرڈویژنل امیرپیر لیاقت علی شاہ،مرکزی رہنماعلامہ احمدعلی مدنی،صوبائی ناظم مفتی حماداللہ مدنی، مولانامشتاق عباسی، مولاناغلام مصطفی فاروقی، قاری سیف الرحمان، مفتی ظل الرحمان، مفتی عبدالسلام شامزئی،الحاج عبدالعزیزصدیقی، قاری عبدالحئی شیخ اور دیگر رہنمابھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

حافظ احمدعلی نے کہاکہ خون مسلم کی ارزانی پر ہرغیرتمند مسلمان اپنے جذبات کااظہار کررہاہے اور دنیابھر کے مسلمانوں میں ایک اضطرابی کیفیت پائی جاتی ہے لہٰذامسلم حکمران اپنے عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے متحد ہوکر دشمنان اسلام کے سامنے سینہ سپرہوجائیں اور حضرت عمر فاروقؓ، حضرت خالد بن ولید ؓ اور سلطان صلاح الدین ایوبی کی تاریخ دہرائیں۔ اس موقع پر مختلف قراردادیں منظورکرائی گئیں جن میں شام ، برما، مصر اور کشمیروفلسطین میں مسلمانوں پرہونے والے ظم وستم پر شدید مذمت کااظہارکیاگیا،جبکہ القدس کی آزادی کے لئے امت مسلمہ کو متحداور بیدارہونے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔