مستحق و نادار افراد کی امداد حکومتی ذمہ داری ہے پر یہ کام الخدمت مخیر شہریوں کے تعاون سے سر انجام دے رہی ہے

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو کا خطاب

جمعہ 23 جون 2017 22:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے گلستان جوہر میں راشن تقسیم کے موقع پر خطاب کر تے ہوئے کہا کہ مستحق ،غریب ،بیوائوں ،یتیموں اور ناداروں کی امداد کر نا حکومتی ذمہ داری ہے جبکہ یہ کام الخدمت مخیر شہریوں کے تعاون سے سر انجام دے رہی ہے ۔ جماعت اسلامی گلستان جوہر کے تحت 2ہزارسے زائد خاندانوں میں 42لاکھ سے زائد رقم کا راشن تقسیم کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس مو قع پر جماعت اسلامی زون گلستان جوہر کے امیر عمر فاروق اور ناظم الخدمت گلستان جوہر اقبال مغل بھی موجود تھے ۔اسد اللہ بھٹو نے مزید کہا کہ اسلامی حکومت ہو تی تو لوگوں کو آج قطاریں لگا کر راشن نہ لینا پڑ تا بلکہ مستحق اور ضرورت مندوں کو ان کے گھروں پر باعزت طریقے سے پہنچتا۔ انہوں نے مقامی الخدمت کے ذمہ داران اور مخیر حضرات کی تعریف کر تے ہوئے کہا کہ رمضان اور عید کے موقع پر غریبوں اور ناداروں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کر نا بڑے اجرو ثواب کا کام ہے ۔

متعلقہ عنوان :