کوئٹہ میں آئی جی آفس کے قریب بارود سے بھری گاڑی کو خود کش دھماکہ سے اڑانے پر رابطہ کمیٹی (پاکستان ) کااظہار مذمت

دھماکہ کو دہشت گردی کی بڑی اور خوفناک کارروائی قراردیا ہے

جمعہ 23 جون 2017 22:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کی رابطہ کمیٹی نے کوئٹہ میں آئی جی آفس کے قریب بارود سے بھری گاڑی کو خود کش دھماکہ کے ذریعے اڑانے کی شدید مذمت کی ہے اوراس دھماکہ کو دہشت گردی کی بڑی اور خوفناک کارروائی قراردیا ہے ، ایک بیان میں رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے کہا کہ کوئٹہ گزشتہ کئی برس سے دہشت گردوں کی کارروائی کا ہدف بنا ہوا ہے اور دہشت گردوں کی بم دھماکوں ، فائرنگ کی مذموم کاروائیوں میں اب تک سینکڑوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں ۔

رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے کہاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے اور 27ویں شب کے موقع پر بھی دہشت گردوں کی جانب سے دہشت گردی سے باز نہ آنا اور معصوم و بے گناہ لوگوں کو نہیں بخشنا واضح کرتا ہے کہ دہشت گردوں کا اسلام تو کجا کسی بھی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے کہاکہ کوئٹہ آئی جی آفس کے قریب دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کو جس طرح سے خود کش دھماکہ کرکے اڑایا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گردوں کی باقیات اب بھی کوئٹہ میں منظم ہیں اور دہشت گردی کے ذریعے معصوم وبے گناہ انسانوں کی جانوں سے کھیلنے کے علاوہ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے پر تلے بیٹھے ہیں ۔

رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے مزید کہاکہ ملک میں بم دھماکوں اور دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث سفاک دہشت گرد کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ان سفاک دہشت گردوں کاآپریشن ضرب عضب کے تحت مکمل قلع قمع کیاجائے اور انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایاجائے ۔ رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے کوئٹہ خود کش بم دھماکہ میں 6پولیس اہلکاروں سمیت 12افراد کے جاں بحق اور 10سالہ بچی ، پولیس اہلکاروں سمیت 21افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحت یابی عطا کرے۔

رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے وزیراعظم نواز شریف ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ آئی جی آفس کو بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے نشانہ بنانے کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے نیٹ ورک کا خاتمہ کیاجائے ۔

متعلقہ عنوان :