امریکا، اسرائیل اور اس کے عرب حواریوں کو جائے پناہ نہیں ملے گی، فلسطین و قبلہ اول کی آزادی ناگزیر ہے، مجلس وحدت مسلمین

جمعة الوداع عالمی یوم القدس کی مرکزی آزادی القدس ریلی کراچی میں نمائش چورنگی تا تبت سینٹر تک نکالی گئی جس میں ہزاروں حریت پسندو ں نے شرکت کی

جمعہ 23 جون 2017 22:42

ْ,کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ امریکا، اسرائیل اور اس کے عرب حواریوں کو جائے پناہ نہیں ملے گی، فلسطین و قبلہ اول کی آزادی ناگزیر ہے۔وہ کراچی میں آئی ایس او پاکستان کے تحت نکالی جانے والے یوم القدس کی ریلی کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے، جمعة الوداع عالمی یوم القدس کی مرکزی آزادی القدس ریلی کراچی میں نمائش چورنگی تا تبت سینٹر تک نکالی گئی جس میں ہزاروں حریت پسندو ں نے شرکت کی اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں اپنے اسرائیل مخالف جذبات کا اظہار کیا۔

شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں پاکستان اور فلسطین کے جھنڈوں سمیت القدس کے جھنڈے اور سروں پر اے القدس ہم آ رہے ہیں سمیت لبیک خامنہ ای کی سرخ اور سبز پٹیاں باند رکھی تھیں، ریلی میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد سمیت جوانوں اور بزرگوں سمیت علمائے کرام اورزندگی کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

شرکائے القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستا ن کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کاکہنا تھا کہ امریکا دہشت گردی کا بانی اور موجد ہے جبکہ لاکھوں مظلوم فلسطینیوں کا خون بھی امریکی ہاتھوں پر ہے، انہوںنے کہا کہ اسرائیل مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام کر رہاہے جبکہ امریکا اسرائیل کو اربوں ڈالر کا اسلحہ فوجی مدد کے نام پر دے کر مظلوم انسانیت کے قتل عام کا مرتکب ہو رہاہے، ان کاکہنا تھا کہ امریکی سربراہی میںنام نہاد مسلم حکمرانوں کو اکھٹا کرکے اسرائیل کا تحفظ کرنے کے لئے اتحاد تشکیل دئیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف مظلوم فلسطینی اور مسلمانوں کا اہم مقدس مقام قبلہ اول آزادی کے انتظار میں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ چھ برس تک شا م اور عراق سمیت دیگر مقامات پر داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کے بعد امریکا اور اسرائیل نے اب براہ راست مسلم امہ کے حکمرانوں کو اپنے چنگل میں پھنسانے کا ارادہ کر لیا ہے اور اب نتیجہ یہ نکلا ہے کہ ایران کے بعد قطر کو دشمن ممالک کی صف میں کھڑا کر دیا گیا ہے جبکہ وہ وقت بھی دور نہیں کہ یہی امریکی عرب حواری پاکستان کے خلاف سازشو ں کا جال بنانا شروع کر دیں۔

ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور بقا کا تقاضا ہے کہ پاکستان امریکی و اسرائیلی قیادت میں بنائے جانے والے نام نہاد اسلامی ملٹری الائنس سے فی الفور باہر آ ئے راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ تکفیری جماعتیں پاکستان کی سالمیت کے درپے ہیں اور یہ خارجی روزانہ پاکستان کی مظلوم عوام کیے خون سے ہولی کھیلتے ہیں انہوں نے آج کوئٹہ اور پاراچنار میں ہونے والے خود کش بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے ایسے امریکہ و اسرائیل کی کاروائی قرار دیا اور ان واقعات میں شہید ہونے والے افراد اظہار ہمدردی کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا تکفیری جماعتوں کی سر پرستی ختم کرکے ان ظالموں کے خلاف فوجی آپریشن کیا جائے ۔

علامہ ناصر عباس جعفری کاکہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکی عرب حواریوں کے ہاتھوں امت کو تقسیم ہونے سے بچایا جائے اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کے لئے پوری مسلم امہ کو متحد ہو کر جد وجہد کریں تا کہ امت مسلمہ کے دیرینہ مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔انہوںنے مزید کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی ناگزیر ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اسرائیل کی نابودی اور فلسطین کی آزادی کو نہیں روک سکتی۔

اس موقع پر شرکا نے امریکا مردہ باد ، اسرائیل نا منظور، فلسطین کی آزادی تک جنگ رہے گی، اسرائیل کی نابودی تک جنگ رہے گی ، پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور امریکی و اسرائیلی پرچم سمیت برطانوی پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔داد مرکزی آزادی القدس ریلی میں مختلف قراردادیں منظور کی گئیں جس میں مطالبہ کیا گیا کہ آج کا یہ اجتماع مظلوم فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتا ہے ، اور اس بات کا اعلان کرتا ہے کہ فلسطینی ایک حریت پسند قوم ہے جو غاصب صیہونیوں سے اپنی مادر وطن کی آزادی کی جد وجہد کر رہے ہیں۔

ہم اس بات کا اعلان کرتے ہیں کہ حماس ، حزب اللہ ، جہاد اسلامی اور پاپولر فرنٹ سمیت دیگر فلسطینی مزاحمتی گروہ دہشت گرد نہیں بلکہ اصل دہشت گرد امریکا اور اسرائیل ہیں۔ہم آل سعود کی طرف سے دہشت گرد گروہ داعش اور النصر ہ سمیت القاعدہ اور دیگر دہشت گرد گرہوں کی سرپرستی کئے جانے کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امریکی و اسرائیلی سرپرستی میں بننے والے نام نہاد اسلامی ملٹر ی الائنس سے فی الفور دستبردار ی کا اعلان کرے۔

ہم پاکستان میں جاری دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، بالخصوص آج کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردانہ کاروائی میں شہید ہونے والوں کے ساتھ بھرپور ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ہم پاکستا ن کے ارباب اختیار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اگر وہ پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں تو تکفیری جماعتوں کی سرپرستی بند کی جائے۔ہم کوئٹہ ، کراچی ، پاراچنار اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں تکفیری جماعتوں کے خلاف فوج کی نگرانی میں بے رحمانہ آپریشن کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ہم سعودی عرب ، کویت ، بحرین، امارات اور دیگر ممالک کی طرف سے اسلامی ملک قطر کی اقتصادی ناکہ بندی کی شدید مذمت کرتے ہیں، اور مطالبہ کرتے ہیں کہ قطر پر عائد کی جانی والی غیر انسانی پابندیوں کو فی الفور ختم کیا جائے ۔ہم یمن پر جاری سعودی جارحیت اور آل سعود کے جنگی جرائم کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادر ی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یمن پر سعودی جارحیت کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

ہم بحرین میں آل خلیفہ حکومت کی طرف سے بحرینی عوا م کے حقوق کی سنگین پائمالی پر مذمت کرتے ہیں او ر اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارو ں سے اپیل کرتے ہیں کہ آل خلیفہ کے جرائم کو روکنے اور بحرینی عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرے۔ ہم نیجیریا میں اسلامی تحریک کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزکی پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ان کی بلا جواز گرفتار ی کی مذمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شیخ ابراہیم زکزکی کی فی الفور رہائی یقینی بنائی جائے ۔

ہم شام اور عراق میں امریکی و صیہونی پیداوار داعش کی شکست پر شامی اور عراقی عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ہم اقوام متحد ہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ کی ناکہ بندی فی الفور ختم کروائی جائے اور غزہ میں خوراک و دیگر بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ہم مصر کی جانب سے غزہ کی سرحدو ں کو بند کئے جانے کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ مصر حکومت غزہ کی سرحد کو فلسطینیوں کے لئے کھول دے۔ہم آخر میں ایک مرتبہ پھر دنیا بھر میں جاری آزادی و حریت کی جد وجہد میں مصروف عوام بالخصوص فلسطین، کشمیر، لبنان، عراق، شام، لیبیا، یمن، بحرین، نیجیریا، برما، افغانستان سمیت دیگر تحریکوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :