پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی نے بینک الفلاح لمیٹڈ کی اینٹیٹی اور ٹی ایف سیز ریٹنگ اپ گریڈ کردی

ریٹنگ بینک الفلاح کی ملک کے بڑے بینکوں میں نمایاں مقام کو ظاہر کرتی ہے

جمعہ 23 جون 2017 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2017ء) پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی (PACRA)نے بینک الفلاح لمیٹڈ کی اینٹیٹی اور ٹی ایف سیز ریٹنگ اپ گریڈ کردی ہیں۔ PACRAکی جانب سے بینک الفلاح کے لیے طویل مدتی اینٹیٹی ریٹنگ ڈبل اے (AA)سے بڑھا کر ڈبل اے پلس (AA+)جبکہ طویل مدتی ڈیٹ انسٹرومینٹ ریٹنگ بھی ڈبل اے مائنس (AA-)سے بڑھا کر ڈبل اے (AA)تفویض کردی ہے جبکہ دونوں پیمانوں کے لیے بینک کا آئوٹ لک بھی تبدیل کرکے مثبت سے مستحکم قرار دیا ہے۔

یہ ریٹنگ بینک الفلاح کی ملک کے بڑے بینکوں میں نمایاں مقام کو ظاہر کرتی ہے۔ بینک کی ایڈوانسز میں پوزیشن مضبوط ہے جسے نئے ایڈوانسز کے اجراء سے تقویت ملی ہے۔ کم لاگت کے ڈپازٹس پر توجہ دیتے ہوئے فنڈنگ کی لاگت میں دیرپا بنیادوں پر کمی کی حکمت عملی کی وجہ سے بینک کے ڈپازٹس سسٹم شیئر میں قدرے کمی واقع ہوئی تاہم اس کے نتیجے میں بینک الفلاح کی فنڈنگ کی لاگت بعض بڑے بینکوں کے تقابلی سطح پر آگئی۔

(جاری ہے)

بینک الفلاح کی خدمات کا دائرہ ملک گیر سطح تک پھیلا ہوا ہے جس کی وجہ سے بینک کو اپنے ڈپازٹس کی اساس کو مضبوط بنانے میں مدد مل رہی ہے۔ اخراجات کو مناسب سطح تک رکھنے کے لیے کیے گئے موثر اقدامات کی وجہ سے بینک کی آپریٹنگ لاگت میں بھی سال بہ سال بہتری آرہی ہے۔ خدشات سے نمٹنے کے لیے موثر انتظامات کی وجہ سے گزشتہ تین سال سے بینک کے اثاثوں کا معیار بھی مستحکم ہواہے۔

بینک الفلاح بینکاری کے منظرنامے میں اپنا مقام مزید مستحکم بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ اس مقصد کے لیے بینک کی توجہ ٹیکنالوجی پر مبنی بینکاری مصنوعات کی فراہمی، ایس ایم ایز، رقوم کی منتقلی اور روایتی بینکاری کی جگہ جدید ڈیجیٹل بینکنگ ماڈل کے اختیار پر مرکوز ہے۔ یہ ریٹنگ بینک کی ترقی اور استحکام کے لیے بطورکلیدی عنصر ابوظہبی گروپ کی معاونت کا بھی اعتراف ہیں۔

متعلقہ عنوان :