9جولائی کراچی کی تاریخ میں فیصلہ کن دن ثابت ہوگا، حافظ عبدالواحد شیخ

پی ایس 114کے عوام پی پی ، ن لیگ اور متحدہ کے نمائندوں کو آزما چکے ، اب ان کی امیدیں جماعت اسلامی سے وابستہ ہیں، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی

جمعہ 23 جون 2017 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2017ء) جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر حافظ عبد الواحد شیخ نے کہا ہے کہ 9جولائی کراچی کی تاریخ میں فیصلہ کن دن ثابت ہوگا اورشہر میں تبدیلی کی بنیاد ثابت ہوگا، پی ایس 114کے عوام پی پی ، ن لیگ اور متحدہ کے نمائندوں کو آزما چکے ، اب ان کی امیدیں جماعت اسلامی سے وابستہ ہیں ۔ وہ جماعت اسلامی زون محمود آباد کے زیر اہتمام محمود آباد نمبر 4میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کر رہے تھے ، اس موقع پر پی ایس 114سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار ظہور احمد جدون نے بھی خطاب کیا،۔

(جاری ہے)

عبد الواحد شیخ نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی پوری تاریخ عوامی خدمت سے عبارت ہے اور خدمت ِ خلق کو عبادت سمجھتے ہیں،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پر عوام نے جب بھی اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے اس نے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کی ہے اور اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ عوامی کی حقیقی نمائندہ جماعت صرف جماعت اسلامی ہے ، ظہور احمد جدون نے کہاکہ ضمنی الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد پیپلز پارٹی کو ترقیاتی کام یاد آئے ، اس سے پہلے پیپلز پارٹی نے اس حلقے کی سڑکوں کی مرمت کیوںنہیں کی ، یہاں سے کچرے کے ڈھیر کیوں نہیں اٹھائے گئے ، پیپلز پارٹی سرکاری وسائل کا استعمال کرکے ضمنی الیکشن کو مشکوک بنا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے اسی لیے وہ حلقے میں سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ پی ایس 114باشعور عوام کا حلقہ ہے اور عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں۔

#