ریسکیو1122 پنجاب کی ایمبولینس ،ریسکیو اورفائر سروسز پنجاب کے تمام اضلاع میں عید الفطرکی تعطیلات پر ایمرجنسی میں مدد کے لیے ہائی الرٹ رہیں گی

جمعہ 23 جون 2017 21:38

ریسکیو1122 پنجاب کی ایمبولینس ،ریسکیو اورفائر سروسز پنجاب کے تمام اضلاع ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2017ء) پنجاب ایمرجنسی سروس(ریسکیو1122) کی ایمبولینس ،ریسکیو اورفائر سروسز پنجاب کے تمام اضلاع میں عید الفطرکی تعطیلات پر ایمرجنسی میں مدد کے لیے ہائی الرٹ رہیں گی۔ ڈی جی ریسکیوپنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو 1122 کے ہید کوارٹرز میں منعقدہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے عید الفطرکے موقع پر کیے گئے تمام انتظامات کا جائزہ لیا اور انہیں حتمی شکل دی۔

میٹنگ میںہیڈکوارٹرز کے تمام افسران نے شرکت کی۔ پراونشل مانیٹرنگ سیل نے ڈائریکٹر جنر ل کو بتایا کہ تمام ضلعی ایمرجنسی سروسز نے مقامی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر عید کے لئی--"ایمرجنسی ریسکیو پلانز"کو حتمی شکل دے دی ہے اور اس سلسلے میں اہم مقامات، مساجد اورعید گاہوں پرایمبولینس اور فائر وہیکل کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ریسکیو موبائل پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی جہاں کسی بھی قسم کے ناگہانی واقعہ کی صورت میں ایمرجنسی کورفراہم کرنے کے لئے تربیت یافتہ ایمرجنسی پیرا میڈیکل سٹاف بھی موجود ہو گا۔

(جاری ہے)

عید کی چھٹیوں کے دوران اگر فلیش فلڈنگ ہوتی ہے تو ریسکیو 1122تمام اضلاع میں ایمرجنسیز سے بہتر انداز میں نبرد آزما ہونے کے لئے ہر دم تیار رہے گی۔عید کے سلسلے میں ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ مساجد کمیٹی ،مقامی رضا کار تنظیموں اور ہسپتال انتظامیہ سے ملاقاتیں کریں تاکہ ناگہانی صورتحال سے بہتر انداز میں نبر د آزما ہو کر انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پراونشل مانیٹرنگ سیل ریسکیو1122 چوبیس گھنٹے تمام اضلاع سے رابطے میں رہے گا۔تاکہ --"ایمرجنسی ریسکیو پلان" کے مطابق معیاری ریسکیو سروس کی فراہمی شہریوںکومیسرہو۔آپریشنل سٹاف عید کے دوران صدفیصد حاضر ہوں گے اور اس حوالے سے سٹاف کی چھٹیاں محدود کردی گئی ہیں اور ضلعی کنٹرول روم تمام ضروری ایمرجنسی انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔

مزید برآں عید الالفطر کے اجتماعات پر مو ثر طبی امداد کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے موبائل پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی جہاں جدیدکارڈیک ایمبو لینس گاڑیاں اور تر بیت یافتہ سٹاف اپنی ایمر جنسی میڈیکل کٹِ کے ساتھ ہمہ وقت موجود رہے گاتاکہ ضرورت پڑنے پر بر وقت فوری طبی امداد مہیا کی جاسکے۔ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام شہریوں کو عید کی مبارکباد دی ہے اورنیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان سے درخواست کی ہے کہ اپنی فیملی کے ساتھ عیدکی چھٹیوںسے پہلے اور بعد میں گھروں کو جاتے ہوئے احتیاط سے گاڑی چلائیں تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :