خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری عمارتوںمیں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بلانے کی اجازت دینے سے انکار

زونل کمیٹیوں نے مختلف مساجد میں اجلاس بلا لیے ہیں،آج مسجد قاسم علی خان سمیت تمام اضلاع میں غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہونگے

جمعہ 23 جون 2017 21:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2017ء) خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری عمارتوںمیں ہفتہ کے روز رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بلانے کی اجازت نہ دینے پر زونل کمیٹیوں نے مختلف مساجد میں اجلاس بلا لیے ہیں اور آج بروزہ ہفتہ مسجد قاسم علی خان سمیت تمام اضلاع میں غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہونگے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشائور میں 25جون کو بلائے جانے کے بعد صوبائی حکومت کو درخواست کی گئی تھی کہ 24جون کو سرکاری عمارتوں میں اجلاس بلانے کی اجازت نہ دی جائے جس کے بعد صوبائی حکومت نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز کو یہ ہدایت جاری کردی کہ اپنے اپنے اضلاع میں ڈسٹرکٹ خطیب سمیت زونل کمیٹیوں کے اراکین کو بلا کر 24جون کو رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس نہ بلانے کی درخواست کریں ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے کسی بھی ضلع کی کمیٹی نے ڈپٹی کمشنرز کی درخواست قبول نہیں کی ہے جس پر سرکاری سطح پر صوبہ بھر کے تمام میونسپل کمیٹیوں کو یہ ہدایات جاری کر دی گئی کہ رویت ہلال کمیٹی کے 24تاریخ والے اجلاس کیلئے کسی قسم کی سہولیات فراہم نہ کریں اور نہ ہی انہیں سرکاری عمارتوں میں یہ اجلاس منعقد کرنے دیں جس کے بعد زونل کمیٹیوں نے اجلاس مساجد اور دینی مدارس میں منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے ذرائع کے مطابق 24جون کو چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد خیبر پختونخوا کے اکثریتی اضلاع میں عید الفطر25جون بروزہ اتوار منائی جائے گی۔

۔۔اعجاز خان

متعلقہ عنوان :