عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، گورنر سندھ

جمعہ 23 جون 2017 21:17

عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ جامعات کسی بھی ترقی کرنے والے معاشرہ کو ناپنے کا پیمانہ ہوتی ہیں خصوصا ً طب اور انجینئرنگ کے شعبوں کی تدریس سے منسلک جامعات کا کردار اس ضمن میں نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے ، صوبہ کی سرکاری جامعات کی کارکردگی قابل تحسین ہے اور وفاقی حکومت ان کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میںلیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسزکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوشاد شیخ سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں صوبہ میں صحت کی سہولیات کی فراہمی ، گریجویٹس اور زیر تعلیم گریجویٹس کی تدریس و تربیت ، ماہر پروفیسرز و اساتذہ کے کردار سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ لوگوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، صوبہ میں میڈیکل کی تعلیم اس ضمن میں تحقیق اور ماہر ڈاکٹروں کی تیاری میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز معاون ثابت ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ طب کی تعلیم سے منسلک جامعات کا اصل مقصد دنیا کی اعلیٰ معیار کی یونیورسٹیز میں نمایاں مقام حاصل کرنا ہونا چاہئے اور اس سلسلہ میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کی کاوشیں قابل تحسین ہیں کیونکہ یہ یونیورسٹی تحقیق ، تدریس اورصحت کی سہولیات بلا تفریق ہر طبقہ کو فراہمی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔

پروفیسر نو شاد شیخ نے گورنر سندھ کو لیاقت یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میںتحقیق ، اساتذہ کی تربیت اور طالب علموں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :