نیپرا کی رپورٹ نے کے الیکٹرک کے خلاف ہمارے مؤقف کو درست ثابت کیا ہے، حافظ نعیم الرحمن

کراچی میں بجلی کی کمی مسئلہ نہیں ،ْ کے الیکٹرک کو تمام پاورپلانٹس چلانے کا پابند کیا جائے تاکہ شہری لوڈشیڈنگ سے نجات پاسکیں،امیر جماعت اسلامی کراچی

جمعہ 23 جون 2017 21:17

نیپرا کی رپورٹ نے کے الیکٹرک کے خلاف ہمارے مؤقف کو درست ثابت کیا ہے، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نیپرا کی رپورٹ نے کے الیکٹرک کے حوالے سے جماعت اسلامی کے مؤقف کو درست ثابت کردیا ہے کے الیکٹرک نے گزشتہ کئی سالوں میں نہ تو اپنی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کی کوشش کی اور نہ ہی مناسب سرمایہ کاری کی گئی جبکہ اپنی ریکوری بہتر کرنے کے لیے بہت کوششیں کی گئی اور اس میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک اور جدوجہد آگے بڑھ رہی ہے اور جماعت اسلامی کے مؤقف کو پزیرائی مل رہی ہے ،کے الیکٹرک اب عوام کو مزید بے وقوف نہیں بناسکتی ۔حکومت اور نیپرا کی ذمہ داری ہے کہ کے الیکٹرک کو معاہدہ نج کاری اورقواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر نوٹس دے اور اس کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ریکوری میں اضافے سے ظاہر ہے کہ کے الیکٹرک کو ہی فائدہ ہوا اس سے عوا م کو کچھ حاصل نہیں ہوا اور نہ ہی اس سے کے الیکٹرک کی کارکردگی میں کوئی بہتری آئی جبکہ پیداواری صلاحیت اور سرمایہ کاری میں اضافے سے ہی عوام کو کوئی فائدہ پہنچ سکتا ہے جو کے الیکٹرک نے بالکل نہیں کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی میں بجلی کی کمی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ کے الیکٹرک کی پیداواری صلاحیت کراچی کی بجلی کی طلب کو پورا کرتی ہے اور نیپرا نے بھی اس بات کو تسلیم کیا ہے اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ کے الیکٹرک کو اپنے تمام پاور پلانٹس چلانے اور فعال کرنے کا پابند کیا جائے تاکہ کراچی کے شہری بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات حاصل کرسکیں ۔

جبکہ کے الیکٹرک کی عوام سے غیر قانونی طورپر اربوں روپے وصولی بھی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اس حوالے سے بھی کے الیکٹرک سے حساب لیا جائے اور عوا م سے لوٹے گئے دوسو ارب روپے عوام کو واپس دلوائے جائیں ۔