کوئٹہ دھماکے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہم کی جائینگی ،کوئی کوتاہی ،غفلت برداشت نہیں کی جائیگی، میر رحمت صالح بلوچ

صوبائی حکومت امن و امان برقرا ررکھنے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے ،یسے واقعات سے صوبائی حکومت اور عوام کے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو کمزور نہیں کیا جاسکتا، وزیر صحت بلوچستان کی صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 23 جون 2017 21:13

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کوئٹہ میں کار خود کش بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہم کی جائیں گی اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ کار خود کش دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں عیادت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے بم دھماکے کے زخمیوں کی فرداً فرداً عیادت کی اورانہیں علاج معالجے کی فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کوئٹہ میں کار خود کش بم دھماکے کی شدیدا لفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے مہینے میں دہشت گردی کرنے والے افراد انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں اسلام سمیت کوئی بھی مذہب بے گناہ شخص کو ہلاک کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان برقرا رکھنے کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے ایسے واقعات سے صوبائی حکومت اور عوام کے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہتر سے بہترسہولیات کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو زخمیوں کو علاج معالجے کیلئے کراچی یا کسی اور جگہ متقل کیا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں میر رحمت بلوچ نے کہا کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام ہسپتالوں کو عید الفطر کے موقع پر کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار سے نمٹنے کیلئے ڈاکٹروں اوردیگر عملے کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔