عیدالفطر پرون ویلنگ کرن والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈائون کا حکم

عید اور عید کی تعطیلات پر ون ویلنگ روکنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں،شہباز شریف جس ضلع سے ون ویلنگ کی شکایت سامنے آئی تو متعلقہ پولیس افسر کیخلاف کارروائی ہوگی، عیدالفطر پر سیاحتی شہروں بالخصوص مری میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت عید کی تعطیلات کے دوران مری جانیوالے شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں،وزیراعلیٰ

جمعہ 23 جون 2017 21:05

عیدالفطر پرون ویلنگ کرن والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈائون کا حکم
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عیدالفطر اور عید کی تعطیلات کے دوران ون ویلنگ کی روک تھام کے حوالے سے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو اس ضمن میں خصوصی ہدایات جاری کی ہیں اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈائون کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ون ویلنگ کسی صورت برداشت نہیںکی جائے گی اور جس ضلع سے ون ویلنگ کی شکایت سامنے آئی تو متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔

بروز جمعہ وزیر اعلیٰ نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عید اور عید کی تعطیلات پر ون ویلنگ روکنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور کم عمر افراد کے خلاف گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے پر کارروائی عمل میں لائی جائے، ون ویلنگ کرنے والوں کو قانون کے تحت سزا ملے گی۔

(جاری ہے)

دریں اثناء وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ہدایت کی کہ عیدالفطر کے موقع پر پنجاب کے سیاحتی شہروں بالخصوص مری میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کیے جائیں اورعیدالفطر کے موقع پر اسلام آباد سے مری جانے والے راستوں پر ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوںنے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران مری جانے والے شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں اوراس ضمن میںشہریوں کو لمحہ بہ لمحہ گائیڈ کرنے کا نظام وضع کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عیدالفطر پر مری اور دیگر تاریخی و تفریحی مقامات کے اردگرد ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات ہونے چاہئیں۔صوبے بھرکے تمام شہروں میں ٹریفک پولیس ٹریفک کے بہاؤ کو رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا جائے اور سینئرپولیس افسران ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں۔ انہوںنے کہا کہ لاہور، مری اور دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے بہترین اقدامات ہونے چاہئیں اور مری میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کرکے اقدامات کو حتمی شکل دی جائے۔

متعلقہ عنوان :