دہشتگردی کا وائرس آج بھی قومی جسم میں موجود ہے‘ڈاکٹر طاہر القادری

کوئٹہ دہشتگردی کی مذمت، قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار ،زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا عوام کی جان و مال کے تحفظ کے ذمہ دار ادارے اپنے تحفظ کے قابل بھی نہیں رہے ،سربراہ عوامی تحریک

جمعہ 23 جون 2017 21:00

دہشتگردی کا وائرس آج بھی قومی جسم میں موجود ہے‘ڈاکٹر طاہر القادری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کوئٹہ دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے ذمہ دار ادارے اپنے تحفظ کے قابل بھی نہیں رہے ۔رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں انسانی جانوںسے کھیلنے والے درندے انسانیت کے دشمن ہیں، انہوں نے کہا کہ قومی جسم میں دہشتگردی کا وائرس آج بھی پوری قوت کے ساتھ نقل و حرکت کررہا ہے، دہشتگردی کے خاتمے کے دعوئوں کی بازگشت بھی ختم نہیں ہوتی کہ کوئی نیا المیہ جنم لے لیتا ہے، گزشتہ روز شہر اعتکاف میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران دہشتگردی و انتہاپسندی کے خاتمے کے پلان کے نام پر قوم سے دھوکہ دہی کررہے ہیں، سانحہ اے پی ایس کے بعد دہشتگردی کی فکری و نظریاتی جڑیں کاٹنے کیلئے جتنے بھی پلان بنے ایک ایک کر کے سب ختم کر دئیے گئے اور اب ان کے ذکر دہشتگردی کے واقعہ کے حوالے سے کی جانیوالی بیان بازی میں ملتے ہیں، انہوں نے کہا اب لوگ قومی ایکشن پلان اور نیکٹا کے نام بھی بھول گئے، فوجی عدالتوں کے اختیارات ان کی مدت اور رینجرز آپریشن کا ذکر بھی کہیں نہیں ملتا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جس ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کے ذمہ دار اداروں کا بجٹ حکمرانوں کو پروٹوکول اور تحفظ دینے والی ایلیٹ فورس کے بجٹ سے کم ہو وہاں ملک و قوم کی حفاظت کیلئے صرف دعا ہی کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران دہشتگردی کے خاتمے کے نام پر مسلسل قوم سے دھوکہ کررہے ہیں۔