وفاقی پولیس کی کارروائی، ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث خطر ناک گینگ کے 5 ملزمان گرفتار،مال مسروقہ طلائی زیورات ،پاکستانی کرنسی ،چائنیز کرنسی،اسلحہ و ایمونیشن،موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد

ڈکیت گینگ کا ابتدائی تفتیش کے دورا ن اسلام آباد میں 20 سے زائدڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کا ا عتراف

جمعہ 23 جون 2017 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) وفاقی دارلحکومت کے تھانہ سبزی منڈی پولیس کی کارروائی،گھروں میں ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ملوث خطر ناک اور منظم گینگ کے پانچ ملزمان گرفتار، ملزمان سے مختلف وارداتوں میں لوٹا گیا مال مسروقہ طلائی زیورات ،پاکستانی کرنسی ،چائنیز کرنسی،اسلحہ و ایمونیشن،موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا ہے ۔

گرفتار ڈکیت گینگ نے ابتدائی تفتیش کے دورا ن اسلام آباد میں 20 سے زائدڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ۔دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا ڈکیت گینگ شاڑھی گروپ کے نام سے مشہور ہے ،ملزمان تھانہ انڈسٹریل ایریا کے علاقہ میں حساس ادارے کے میجر ذیشان قتل اور سبزی منڈی کے علاقہ میں چائینیز کے گھر میں وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

ساتھی ملزمان کی گرفتار ی کے لئے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی نے سبزی منڈی کی حدود میں ہونے والی مختلف وارداتوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انڈسٹریل ایریا لیاقت حیات نیازی کو احکامات جاری کئے کہ ان وارداتوں میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے مسروقہ مال کی برآمدگی کو یقینی بنایا جائے ۔

ان احکامات کی روشنی میں ایس پی انڈسٹریل ایریا لیاقت حیات نیازی نے ایس ایچ او سبزی منڈی رخسار مہدی اور انسپکٹر اسجد محمود کی سربراہی میں عبدالستار سب انسپکٹر،عرفان عباس،عدیل شوکت ،محمد رشید اے ایس آئیز پر مشتمل پولیس پارٹی تشکیل دی ۔پولیس پارٹی نے مناسب حکمت عملی سے انتہائی خطر ناک اور منظم ڈکیت گینگ کے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔

ملزمان میں قاسم علی ولد امجد حسین سکنہ کچی آبادی ایف ایٹ اسلام آباد،اظہر احمد ولد وزیر احمد شاڑی سکنہ امین ٹائون خیابان سر سید راولپنڈی،شیر محمد عرف شکتی ولد محمد ظلہ شاڑھی سکنہ شفیق آباد لاہور،محمد گل حمید ولد حاجی عبدالقدوس شاڑھی سکنہ ڈھوک نجو خیابان سرسید راولپنڈی اورحائر کریم ولد صبا کریم شاڑھی سکنہ ڈھوک نجو خیابان سرسید راولپنڈی شامل ہیں ۔

ملزمان سے مختلف وارداتوں میں لوٹا گیا مال مسروقہ طلائی زیورات،دو لاکھ روپے پاکستانی کرنسی،600 ین،چینی کارڈ ،پرس ،08 پسٹلز معہ ایمونیشن ،موبائل فونز برآمد کر لئے ہیں ۔گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ ان تعلق شاڑھی ڈکیت گروپ سے ہے جو کہ افغانی مہاجر ہیں اور ان کے دیگر ساتھی بھی ہیں ۔ملزمان نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں گھروں میں گھس کر گن پوائنٹ پر ڈکیتی کی وارداتیں کرتے تھے اور واردات کے فورا بعد لاہور چلے جاتے تھے۔

ملزمان نے اسلام آباد میں 20 سے زائد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ۔ گرفتار ملزمان دو اہم مقدمات تھانہ انڈسٹریل ایریا کے علاقے میں حساس ادارے کے حاضر سروس میجر ذیشان قتل کیس اور تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ میں چائینز کے گھر گھس کرڈکیتی کی واردات کے دوران چائینیز لیڈی کے ساتھ ریپ میں بھی ملوث ہیں ۔گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے ریڈنگ پارٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جلد ہی بہت بڑی کامیابی کی توقع ہے ۔

ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی نے ایس پی انڈسٹریل ایریا لیاقت نیازی اور تھانہ سبزی منڈی پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سبزی منڈی پولیس کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور مزید ملزمان کی گرفتاری کے بعد مزید کامیابی بھی ہوگی۔ایس ایس پی اسلام آباد نے کہا ہے کہ پولیس ٹیم کے لئے انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آبادسے نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹس کی سفارش کی جائے گی ۔ایس ایس پی اسلام آباد نے تما م افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کاروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں ۔

متعلقہ عنوان :