سی ڈی اے کی اسلام آباد میں غوری ٹائون کی غیر قانونی سکیم کے خلاف کاروائی ، دفاتر کو سر بمہر کر دیا

جمعہ 23 جون 2017 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) سی ڈی اے نے اسلام آباد میں غوری ٹائون کی غیر قانونی سکیم کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے غوری ٹائون کے دفاتر کو سر بمہر کر دیا ۔ غوری ٹائون کے دفتر کو سر بہمرکرنے کے لیے سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے علاوہ سی ڈی اے کے سینئر سپیشل مجسٹریٹ اور متعلقہ ایس ایچ اور اور پولیس کی نفری بھی موجود تھی جبکہ آپریشن کی نگرانی سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن و چیف آفیسر میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) اسد محبوب کیانی نے کی۔

غوری ٹائون نے تمام فیز نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ راجہ علی اکبر اینڈ کمپنی ،الرحمن ایسوسی ایٹس نے سی ڈی اے سے اجازت لئے بغیر تمام فیز میں ہائوسنگ سکیم کا اجراء کر رکھا تھا حالانکہ سی ڈی اے کے آئی سی ٹی (زوننگ ریگولیشن 1992 ؁ء ) کے تحت اسلام آباد کے زون2 ،4 اور 5 میں کوئی بھی پرائیویٹ ہائوسنگ سکیم سی ڈی اے سے لے آئوٹ پلان کی منظوری اور این او سی کے حصول کے بعد شروع کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم غوری ٹائون کے تمام فیز میں سی ڈی اے کی طرف سے متعدد بار نوٹس دینے یا منظوری حاصل کیے بغیر غوری ٹائون کی انتظامیہ اپنی سکیم کی تشہیر اور مارکیٹنگ جاری رکھی ہوئی تھی جو کہ سی ڈی اے آرڈیننس1960 ؁ء اور سی ڈی اے کے 1992 ؁ء کے آئی سی ٹی زوننگ ریگولیشنز کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور عوام الناس کے ساتھ دھوکہ دہی کے مترادف ہے۔ سی ڈی اے کے نوٹسسز کے باوجود ہائوسنگ سکیم جاری رکھنے پر غوری ٹائون کی انتظامیہ کے دفاتر کو آج سر بمہر کر دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں سی ڈی اے نے قومی اخبارات میں اشتہار کے ذریعے عوام الناس کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ اس غیر قانونی ہائوسنگ سکیم میں خرید وفروخت میں احتیاط کریں۔

متعلقہ عنوان :