پنجاب حکومت نے ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال کی ایمرجنسی کو اپ گریڈ کرنے کیلئے چھتیس کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردیئے

جمعہ 23 جون 2017 20:08

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) پنجاب حکومت نے ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال کی ایمرجنسی کو اپ گریڈ کرنے کیلئے چھتیس کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردیئے ہیں اور اس منصوبے کو پانچ ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جانا ہے، موجودہ ایمرجنسی دس کروڑ چالیس لاکھ روپے کی لاگت سے 2013ء میں تعمیر کی گئی تھی، ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال میں کم از کم دس ماہر ڈاکٹروں کی آسامیاں خالی ہیں، پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی ہے، میڈیکل آفیسرز کی بھی اشد ضرورت ہے مگر بجائے ان خالی آسامیوں کو پر کرنے کے اقدامات کیے جاتے توڑ پھوڑ اور تعمیر ومرمت کا کام چونکہ اس میں تمام تعمیراتی محکموںکا کمشن شامل ہے اس پر زور دیا جارہا ہے، ضلع چکوال کے سترہ لاکھ عوام کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال طبی سہولتوں کے حوالے سے آخری اماجگاہ ہے مگر یہاں پر ذرہ مشکل مرض کا مریض آجائے توفوراً اس کو پنڈی بھیجنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، کارڈیالوجی سنٹر کی مشینری زنگ آلود ہوکر بند پڑی ہے، کارڈیالوجسٹ کی آسامی گزشتہ دس سال سے خالی چلی آرہی ہے، ہسپتال میں موجود ماہر ڈاکٹروں نے اپنے پرائیویٹ کلینکس بنا رکھے ہیں اور عملی طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال ان ماہر ڈاکٹروں کو شام کی پرائیویٹ پریکٹس کیلئے بکنگ پوائنٹ کا کردار فراہم کرتاہے، اہل چکوال منتخب عوامی نمائندے اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انھیں عمارتوں کی تعمیر ومرمت اور تزئین وآرائش کی ضرورت نہیں انھیں طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ماہر ڈاکٹروں کی خالی آسامیاں پر کی جائیں اور بلدیاتی آرڈیننس میں ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز کا جو لولی پاپ دیا گیا تھا اس اتھارٹیز کا قیام یقینی بنایا جائے بصورت دیگر عوام حکمرانوں کو بددعائیں دینے کے علاوہ اور کیا دے سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :