پاکستان 27 رمضان المبارک کو وجود میں آیا ، اللہ تعالیٰ نے آزادی کی نعمت دی‘ لیاقت بلوچ

پاکستان ایٹمی طاقت ، سی پیک ، شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن اور دلیر و بااعتماد فوج کا حامل ملک ہے

جمعہ 23 جون 2017 19:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) قائمقام امیرجماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پاکستان 27 رمضان المبارک کو وجود میں آیا ، اللہ تعالیٰ نے آزادی کی نعمت دی ، پاکستان ایٹمی طاقت ، سی پیک ، شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن اور دلیر و بااعتماد فوج کا حامل ملک ہے ، اسلامی نظریہ ، اہل و امانت دار قیادت اور کرپشن و نااہلی سے پاک نظام ہی اس کا محافظ ہے ،پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے عوام یک جان ہیں ۔

یوم پاکستان ، یوم القدس سیمینار ،ابوالاعلیٰ جامع مسجد اچھرہ میں جمعة الوداع کے خطاب میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ فلسطین اور کشمیریوں کا غم اور درد ہمارا پنا درد ہے ۔ فلسطینیوں اور کشمیریوں پر صہیونی اور ہندو سامراج کے ظلم کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

فلسطین اور کشمیر کی سرزمین پر صہیونیوں اور ہندوئوں کا ناجائز قبضہ ہے ۔ قبلہ اول مسلمانوں کی مقدس عبادتگاہ ہے، اسے صہیونی قبضہ سے واگزار کرانا عالم اسلام کی گردن پر قرض ہے ۔

مسلم ریاستوں میں جاری مسائل امت مسلمہ کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے اور امت کے حقیقی مسائل مسئلہ کشمیرو مسئلہ فلسطین سے توجہ ہٹانے کے لیے وضع کیے گئے ہیں ۔مسلم امہ کے قائدین اپنے مسائل خود حل کریں وگرنہ باری باری استعماری قوتیں سب کو بھسم کر دیں گی ۔مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل کیے بغیر عالمی امن خواب ہی رہے گا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان ہر طرف سے اندرونی و بیرونی بحرانوں سے دورچار ہے ۔

وزیراعظم نوازشریف نجی مصروفیات کے لیے تین ہفتوں کے لیے بیرون ملک ہیں ۔ ملک میں رہ کر قومی قیادت اور پارلیمنٹ کے ذریعے بحرانوں سے نمٹنے کے لیے متفقہ قومی حکمت عملی بنائی جائے ۔ بھارتی جارحانہ رویہ ، امریکہ کے خطے میں بدلتے تیور ، پاک ایران تعلقات کی بڑھتی سرد مہری ، افغانستان کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا پاکستان کے لیے اس وقت کا بڑا چیلنج ہے ۔