کھلابٹ سمیت ہری پور شہر میں عیدالفطر کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

جمعہ 23 جون 2017 19:51

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) کھلابٹ سمیت ہری پور شہر میں عیدالفطر کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ کپڑوں، کاسمیٹک، چوڑیوں اور جوتوں کی دکانوں پر بے پناہ رش دیکھنے میں آ رہا ہے، اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کھلابٹ ٹائون شپ میں عیدالفطر کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، خواتین و حضرات افطاری سے پہلے روزہ کی حالت میں خریداری کر لیتے ہیں مگر بیشتر خواتین افطاری کے بعد مارکیٹ کا رخ کرتی ہیں۔

عید جوں جوں قریب آ رہی ہے خریداری میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ملبوسات، کپڑے، کاسمیٹکس، جوتوں، جیولری اور چوڑیوں کی دکانوں پر بے تحاشا رش دیکھنے میں آیا ہے۔ مارکیٹ میں نت نئے ڈیزائنوں کی بھرمار ہے۔ روزانہ نئے نئے ڈیزائن آتے ہیں اور دیکھتے ہی دیکھتے ختم ہو جاتے ہیں۔