محکمہ خوراک نے پنجاب سے سپلائی کردہ مشکوک قیمہ دریا برد کر دیا، 25 کلو پوٹا کلیجی قبضہ میں لیکر دکان سیل کر دی گئی

جمعہ 23 جون 2017 19:51

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) محکمہ خوراک نے پنجاب سے سپلائی کیا جانے والا مشکوک قیمہ دریا برد کر دیا، 25 کلو مشکوک پوٹا کلیجی قبضہ میں لیکر دکان سیل کر دی گئی، دھندے میں ملوث ایک شخص کے خلاف تھانہ بٹگرام میں مقدمہ درج کر لیا گیا، مختلف اشیاء کے نمونے فیل ہونے پر تھانہ بٹگرام میں 8 دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سید وزیر شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوروں اور ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کو جیل بھیجا جائے گا۔ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر سید شجاعت حسین اور فوڈ انسپکٹر ارسلان شوکت نے ڈی ایف سی سید وزیر شاہ کی خصوصی ہدایات پر پر بٹگرام بازار کا اچانک دورہ کیا اور مختلف دکانوں سبزی فروشوں اور قصابوں پر چھاپے مارے۔

(جاری ہے)

پل بازار میں چھاپوں کے دوران ایک دکان سے 12 کلو مشکوک قیمہ پکڑ کر دریا برد کر دیا گیا جبکہ پنجاب سے بٹگرام سپلائی ہونے والی مشکوک 25 کلو پوٹا کلیجی قبضہ میں لیکر دکان سیل کر دی گئی، مکروہ دھندے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ خوراک کی جانب سے مختلف اشیاء جوس، آئل، نمکو، ملک، برفی اور گھی کے نمونے فیل ہونے پر متعلقہ دکانداروں کے خلاف تھانہ بٹگرام میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :