ہزارہ یونیورسٹی کے اورکزئی ماڈل سکول کے طلباء نے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کر لی

جمعہ 23 جون 2017 20:02

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) ہزارہ یونیورسٹی کے اورکزئی ماڈل سکول کے طلباء و طالبات نے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کر لی۔ میٹرک کا نتیجہ 100 فیصد رہا، تمام طلباء و طالبات نے اچھے نمبروں سے امتحان پاس کر لیا۔ سکول کی نویں جماعت کی طالبہ ثناء خان نے 550 میں سے 491 نمبر حاصل کر کے 90 فیصد نمبروں کے ساتھ اہم پوزیشن حاصل کی۔

دیگر طلباء و طالبات نے اے اور اے ون گریڈ حاصل کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس اور ڈین آرٹس اور کوآرڈینیٹر اورکزئی سکول پروفیسر ڈاکٹر سید منظور حسین شاہ نے سکول کے تعلیمی معیار اور ڈسپلن کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی کا یہ سکول تعلیمی معیار اور کارکردگی کی مزید منازل طے کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکول کی پرنسپل مس صدف ہارون اور ٹیچرز کی کارکردگی کی بدولت تمام طلباء و طالبات نے نمایاں اور امتیازی نمبروں سے امتحان پاس کیا جو نہایت حوصلہ افزاء بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکول کی کارکردگی اور تعلیمی معیار میں مزید بہتری لائی جائے گی۔انہوں نے امتحان میں پاس ہونے والے طلباء و طالبات ان کے والدین سکول کی پرنسپل اور ٹیچرز کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اپنی صلاحیتیں اور تعلیمی تجربات کو بروئے کار لاتے ہوئے سکول کی ترقی اور بہتری کیلئے کام کریں گی۔ یونیورسٹی انتظامیہ سکول کے تعلیمی معیار میں مزید بہتری اور وسعت لانے کیلئے تمامتر وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ یہ ادارہ علاقہ کا بڑا ادارہ ثابت ہو سکے کیو نکہ سکول یونیورسٹی کیلئے ایک نرسری کی حیثیت رکھتا ہے۔