ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ٹرانسپورٹ پول میں 5 نئی بسوں کا اضافہ

جمعہ 23 جون 2017 20:02

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ٹرانسپورٹ پول میں 5 نئی بسوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔یہ بسیں طلباء و طالبات کیلئے مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی، بسوں کی فراہمی سے طلباء و طالبات کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولت میسر آئے گی، ان بسوں میں تین بسیں 34 سیٹوں والی جبکہ دو بسیں 54 سیٹوں کی حامل ہیں۔

ہینو کمپنی سے یہ بسیں خریدی گئی ہیں جن پر ساڑھے تین کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ اس سلسلہ میں ایک سادہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے بسوں کی چابیاں ٹرانسپورٹ سپروائز حاجی محمد تنویر اعوان کو دیں۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر ٹرانسپورٹ کے جملہ سٹاف سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ پول میں نئی بسوں کا شامل ہونا خوش آئند ہے، یہ قدم بہت پہلے اٹھانا چاہئے تھا کیونکہ 2007ء کے بعد یونیورسٹی نے کوئی بس نہیں خرید ی جبکہ طلباء و طالبات میں اضافہ دوگنا ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بسوں کی فراہمی سے مختلف علاقوں سے یونیورسٹی میں تعلیم و تحقیق کیلئے آنے والے طلباء و طالبات کو سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ سٹاف سے کہا کہ آپ نے ان بسوں کی دیکھ بھال اسی طرح کرنی ہے جس طرح کوئی اپنی ذاتی گاڑی کی دیکھ بھال کرتا ہے کیونکہ یونیورسٹی کی بسیں ہمارے پاس قوم کی امانت ہیں، ہم نے ان کا استعمال نہایت دیانتداری اور احسن انداز میں کرنا ہے۔ اس موقع پر ڈین آرٹس پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین شاہ، ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف کمیونی کیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز، میجر شیرین زمان ڈائریکٹر انفارمیشن اور امجد خان ٹرانسپورٹ آفیسر موجود تھے۔ تقریب میں کثیر تعداد میں یونیورسٹی کے ڈرائیورز اور ڈرائیور ہیلپرز نے شرکت کی۔